
نئی دہلی، 13 ستمبر (ہ س): ہاکی انڈیا کے صدر دلیپ ٹرکی نے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل آر کے شریواستوا کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کرتے ہوئے انہیں وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔ ساتھ ہی انہیں فوری طورپر ڈائریکٹر جنرل کے عہدے سے متعلق تمام ذمہ داریوں اور اختیارات کا استعمال بند کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
وجہ بتاؤ نوٹس میں شریواستوا پر فرائض میں غفلت اور جان بوجھ کر ہدایات کی خلاف ورزی سمیت کئی الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ان میں عالمی کپ سے قبل پیشگی اجازت کے بغیر قومی ٹیم کی جرسی کے رنگوں میں تبدیلی کا فیصلہ اہم ہے۔
نوٹس کے مطابق، ٹرکی کی واضح ہدایات کے باوجود شریواستوا کے عالمی کپ کے لیے سفر کرنے پر بھی اعتراض کیا گیا ہے۔ صدر دفتر نے ان کی جگہ سابق کھلاڑیوں سبدرا پردھان، رانی رامپال اور سردار سنگھ کو سلیکٹر اور جونیئر کوچ کی حیثیت سے سفر کی منظوری دی تھی، لیکن نوٹس میں کہا گیا ہے کہ انہیں اس بارے میں اطلاع نہیں دی گئی۔
شریواستوا پر ہاکی انڈیا لیگ سے متعلق فرنچائز کوآرڈینیشن اور ترجیحی کاموں میں بھی مبینہ طور پر من مانی فیصلے کرنے کا الزام ہے۔ اس کے علاوہ معاہدہ شدہ تعلقات عامہ کی ایجنسی کے خلاف ہدایت کے مطابق تادیبی کارروائی نہ کرنے اور جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران کھلاڑیوں اور ہیڈ کوچ کریگ فلٹن سے متعلق مبینہ بدسلوکی کی شکایات پر کارروائی کا ثبوت پیش نہ کرنے جیسے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔
نوٹس میں وکرم پال سے متعلق الزامات پر داخلی/پی او ایس ایچ کمیٹی کی کارروائی اور رپورٹ ریکارڈ میں دستیاب نہ ہونے اور ایف آئی ایچ، اے ایچ ایف اور قومی فیڈریشنوں سے موصول ہونے والی بعض مراسلات کو روکے جانے کا بھی ذکر ہے۔
ہاکی انڈیا نے کہا ہے کہ مزید کارروائی ادارے کے ضمنی قوانین کے مطابق کی جائے گی۔ شریواستوا کو تمام سرکاری ریکارڈ، دستاویزات، فائلیں، رسائی کی اسناد، اثاثے اور زیر التوا معاملات کا عملی چارج صدر دفتر کی جانب سے نامزد افسر کے حوالے کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد