
تاریخ کے آئینے میں 08 جولائی : مغربی بنگال کی دو عظیم شخصیتوں کا یومِ پیدائش
ہندوستان کی تاریخ میں 08 جولائی کا دن خاص اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ اسی دن مغربی بنگال کی دو ایسی عظیم شخصیتوں کی پیدائش ہوئی جنہوں نے اپنے اپنے شعبوں میں انمٹ نقوش چھوڑے۔ ان میں معروف بائیں بازو کے رہنما جیوتی بسو اور ہندوستانی کرکٹ کے کامیاب ترین کپتانوں میں شامل سوربھ گانگولی نمایاں ہیں۔
08 جولائی 1914 کو پیدا ہوئے جیوتی بسو ہندوستانی بائیں بازو کی سیاست کے سب سے بااثر رہنماوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔ وہ سال 1977 سے 2000 تک مسلسل تقریباً 23 سال تک مغربی بنگال کے وزیرِ اعلیٰ رہے۔ طویل عرصے تک کسی ریاست کا وزیرِ اعلیٰ رہنے کا ان کا یہ ریکارڈ ہندوستانی سیاست میں ایک قابلِ ذکر کامیابی مانا جاتا ہے۔
ان کی قیادت میں مغربی بنگال میں زمینی اصلاحات اور پنچایتی راج کے نظام کو مضبوطی ملی۔ سال 1996 میں متحدہ محاذ (یونائیٹڈ فرنٹ) حکومت کی تشکیل کے دوران انہیں وزیر اعظم کے عہدے کے لیے بھی نامزد کیا گیا تھا، لیکن کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے فیصلے کی وجہ سے وہ اس عہدے تک نہیں پہنچ سکے۔ بعد میں خود جیوتی بسو نے اسے اپنی پارٹی کی ’’تاریخی بھول‘‘ قرار دیا تھا۔
08 جولائی 1972 کو کولکاتا میں پیدا ہوئے سوربھ گانگولی ہندوستانی کرکٹ کے سب سے کامیاب اور بااثر کپتانوں میں شمار ہوتے ہیں۔ بائیں ہاتھ کے اس شاندار بلے باز نے سال 2000 میں میچ فکسنگ کے تنازعہ کے بعد ہندوستانی ٹیم کی کمان سنبھالی اور ٹیم میں نئی توانائی بخشی۔ گانگولی نے نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دے کر ہندوستانی کرکٹ کو نئی سمت دی۔ ان کی قیادت میں ہندوستان نے غیر ملکی سرزمین پر جیت درج کرنا شروع کی اور ٹیم میں آخری لمحات تک جدوجہد کرنے کا جذبہ پیدا ہوا۔ ان کی کپتانی میں ہندوستان 2003 کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچا اور ٹیسٹ کرکٹ میں بھی قابلِ ذکر کامیابیاں حاصل کیں۔
دیگر اہم واقعات:
1497 - واسکو ڈی گاما نے یورپ سے ہندوستان کا پہلا بحری سفر شروع کیا۔
1776 - امریکہ میں کرنل جان نکسن نے آزادی کے اعلان کو پہلی بار عوامی طور پر پڑھا۔
1792 - فرانس نے پرشیا کے خلاف جنگ کا اعلان کیا۔
1836 - عظیم سائنسداں چارلس ڈارون تحقیق کے لیے سینٹ ہیلینا پہنچے۔
1858 - گوالیار کے قلعے کے سقوط کے بعد لارڈ کیننگ نے امن کا اعلان کیا تھا۔
1889 - امریکی اخبار ’’دی وال اسٹریٹ جرنل‘‘ کا آغاز ہوا۔ آج ہر دن اس کی 20 لاکھ کاپیاں فروخت ہوتی ہیں۔
1918 - ہندوستانی آئین میں اصلاحات کے لیے مانٹیگیو چیلمسفورڈ رپورٹ شائع کی گئی۔
1948 - امریکی فضائیہ میں خواتین کی بھرتی شروع ہوئی تھی۔
1954 - ستلج ندی پر تعمیر کردہ بھاکڑہ نانگل پن بجلی منصوبے کے تحت بنی سب سے بڑی نہر کا وزیر اعظم جواہر لعل نہرو نے افتتاح کیا تھا۔
1975 - میانمار کے بگاں میں آئے زلزلے میں ہزاروں مندر تباہ ہو گئے اور بھاری جانی و مالی نقصان ہوا۔
2003 - سوڈان میں ہوئے طیارے کے حادثے میں 115 افراد ہلاک ہوئے۔
2005 - موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے پر جی-8 ممالک کے درمیان اتفاقِ رائے ہوا۔
2007 - 42 سال بعد ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ریل سروس شروع ہوئی۔ 1965 کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان ریل سروس بند تھی۔
2008 - پیرس حکومت نے بنگلہ دیش کی متنازعہ مصنفہ تسلیمہ نسرین کو اعزازی شہریت دینے کی تجویز پیش کی۔
2012 - آسام میں تباہ کن سیلاب نے عالمی شہرت یافتہ کازی رنگا نیشنل پارک کے 13 گینڈوں سمیت 500 سے زائد جنگلی جانوروں کو ہلاک کر دیا۔
وفات
1967 - پاکستان کے بانی محمد علی جناح کی مشیر اور بہن فاطمہ جناح کا انتقال۔
2016 - پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ ایدھی فاونڈیشن کے بانی عبدالستار ایدھی کا انتقال۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن