
ہندوستان کی تاریخ میں 6 مئی کا دن دہشت گردی کے دردناک باب کی یاد دلاتا ہے۔ اسی دن سال 2010 میں ممبئی حملے کے مجرم اور زندہ پکڑے گئے واحد دہشت گرد اجمل قصاب کو خصوصی عدالت نے پھانسی کی سزا سنائی تھی۔
26 نومبر 2008 کو ہونے والے ممبئی دہشت گردانہ حملے نے پورے ملک کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا۔ پاکستان سے آئے 10 دہشت گردوں نے ملک کے معاشی دارالحکومت ممبئی میں کئی اہم مقامات کو نشانہ بناتے ہوئے مربوط حملے کیے تھے۔ ان حملوں میں ہوٹلوں، ریلوے اسٹیشن اور دیگر عوامی مقامات پر اندھا دھند فائرنگ اور دھماکے کیے گئے۔
سیکورٹی فورسز نے بہادری دکھاتے ہوئے نو دہشت گردوں کو مار گرایا، جبکہ اجمل قصاب کو زندہ پکڑ لیا گیا۔ قصاب کی گرفتاری اس معاملے میں جانچ کے لیے ایک اہم کڑی ثابت ہوئی، جس سے پورے حملے کی سازش اور اس کے پیچھے کے نیٹ ورک کا انکشاف ہوا۔
اس دہشت گردانہ حملے میں 166 لوگوں کی موت ہو گئی تھی، جبکہ سینکڑوں لوگ زخمی ہوئے تھے۔ کئی دنوں تک چلے آپریشن کے بعد سیکورٹی ایجنسیوں نے صورتحال کو کنٹرول کیا، لیکن اس واقعے نے ملک کے سیکورٹی نظام اور دہشت گردی کے خطرے کو لے کر سنگین سوالات کھڑے کر دیے تھے۔
طویل عدالتی عمل کے بعد 6 مئی 2010 کو خصوصی عدالت نے قصاب کو مجرم قرار دیتے ہوئے موت کی سزا سنائی۔ بعد میں ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ نے بھی اس سزا کو برقرار رکھا۔ آخر کار 21 نومبر 2012 کو پونے کی یرودا جیل میں اسے پھانسی دے دی گئی۔
6 مئی کا یہ دن آج بھی ملک کو اس ہولناک واقعے کی یاد دلاتا ہے، جب دہشت گردی نے ہندوستان کو گہرا زخم دیا تھا اور ساتھ ہی یہ دن نظامِ انصاف کی مضبوطی کی علامت بھی ہے۔
دیگر اہم واقعات:
1529 - بنگال کے افغان حکمراں نصرت شاہ کو گوگرا ندی کے کنارے ہوئی لڑائی میں بابر کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
1840 - دنیا کی پہلی گوند لگی ڈاک ٹکٹ ’’پینی بلیک‘‘ کا گریٹ برطانیہ میں استعمال ہوا۔
1857 - برٹش ایسٹ انڈیا کمپنی نے بنگال نیٹیو انفینٹری کی 34 ویں رجمنٹ کو تحلیل کیا۔ رجمنٹ کے سپاہی منگل پانڈے نے برطانوی حکومت کے خلاف بغاوت کی تھی۔
1861 - مجاہدِ آزادی اور سیاست داں موتی لعل نہرو کی پیدائش۔
1925 - کشمیری شاعر، مترجم اور نقاد رحمان راہی کی پیدائش۔
1944 - گاندھی جی کو پونے کے آغا خان پیلس سے رہا کیا گیا اور یہ ان کے زندگی کا آخری جیل سفر تھا۔
1972 - ہندوستانی فوج کے جانباز سپاہیوں میں سے ایک عابد خان (جنہوں نے مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے اپنی جان قربان کی) کی پیدائش۔
1976 - شمال مشرقی اٹلی میں 6.5 شدت کے ہولناک زلزلے سے کم از کم 1000 لوگوں کی موت۔ زلزلہ اتنا وسیع تھا کہ اس کے جھٹکے پولینڈ تک محسوس کیے گئے۔
2004 - چین نے سکم کو ہندوستان کا حصہ تسلیم کیا۔
2005 - اقوام متحدہ نے لشکرِ طیبہ کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں ڈالا۔
2008 - بنگلہ دیش میں اینٹی کرپشن بیورو نے سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کے خلاف بدعنوانی کے معاملے میں پہلی بار چارج شیٹ داخل کی۔
2010 - سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے جی بالاکرشنن کی صدارت والی پانچ رکنی آئینی بنچ نے ارکانِ پارلیمنٹ کو ملنے والے لوکل ایریا ڈیولپمنٹ فنڈ کی آئینی قانونی حیثیت کو یہ کہہ کر برقرار رکھا کہ پارلیمنٹ کے پاس اس کے تحت فنڈ مختص کرنے کے قانونی اختیارات ہیں۔ اس اسکیم کے تحت ارکانِ پارلیمنٹ کو ان کے انتخابی حلقوں کی ترقی کے لیے سالانہ دو کروڑ روپے ملتے ہیں۔
2010 - یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) امتحان میں 195 خواتین سمیت کل 875 امیدوار کامیاب ہوئے۔ جموں و کشمیر کے کپواڑہ کے رہنے والے ڈاکٹر شاہ فیصل نے اس میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
2020 - ملک میں کورونا وائرس انفیکشن سے مرنے والے لوگوں کی تعداد 1,694 ہو گئی، جبکہ انفیکشن کے کیسز بڑھ کر 49,391 ہو گئے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن