نئی دہلی، 6 اگست (ہ س)۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے بدھ کو بھارت منڈپم پرگتی میدان کے ہال نمبر 12 اور 12 اے میں '29ویں دہلی بک فیئر 2025' کا افتتاح کیا۔
دہلی کتاب میلہ 6 سے 10 اگست تک چلے گا اور اس کا اہتمام فیڈریشن آف انڈین پبلشرز (ایف آئی پی) اور انڈیا ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (آئی ٹی پی او) نے کیا ہے۔ اس موقع پر فن، ثقافت اور زبان کے وزیر کپل مشرا، آئی ٹی پی او کے چیئرمین پردیپ سنگھ کھرولا اور دیگر موجود تھے۔
افتتاحی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں کتابوں کی طرف نوجوانوں کا جھکاؤ کم نہیں ہونا بہت مثبت علامت ہے۔ کتابوں سے یہ محبت اور پڑھنے کا انداز ہندوستان کو عالمی رہنما بنا دے گا۔ انہوں نے کہا کہ کتابیں زندگی کی سب سے سچی اور بے لوث دوست ہیں۔ یہ میلہ اسی دوستی کا جشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتابیں صرف صفحات نہیں بلکہ نسلوں کی رہنمائی کرتی ہیں۔ انہوں نے دہلی کتاب میلہ کو نہ صرف ایک سالانہ تقریب بلکہ نسلوں کی یادوں سے جڑا ایک 'ثقافتی سنسکار' قرار دیا۔ وزیراعلیٰ نے بچوں، نوجوانوں اور والدین کو بک کلچر میں شامل ہونے کی دعوت دی اور اس وراثت کو آگے لے جانے پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔
اس کتاب میلہ میں 25ویں اسٹیشنری میلہ اور 9ویں آفس آٹومیشن اور کارپوریٹ گفٹ فیئر کو بھی شامل کیا گیا ہے جس کی وجہ سے یہ میلہ نہ صرف ادبی بلکہ تعلیمی، کاروباری اور تخلیقی مکالمے کا بھی مرکز بن گیا ہے۔
وزیر کپل مشرا نے کتاب میلے کو ادب، ثقافت اور خیالات کا مہا کمبھ بتایا۔ وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج دہلی کو ایسی قیادت ملی ہے، جو نہ صرف سیاسی بلکہ ثقافتی طور پر بھی باشعور ہے۔
مشرا نے وزیر اعظم نریندر مودی کے 'علم پر مبنی سماج' کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کتابیں نہ صرف علم بلکہ ثقافت بھی دیتی ہیں اور دہلی حکومت نے اس نظریے کو اپنایا ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ آنے والے سالوں میں کتاب میلہ کو ایک 'ادبی میلہ' کی شکل دی جانی چاہیے، جس میں شاعروں، ادیبوں، طلبہ اور ادب سے محبت کرنے والوں کو مکالمے اور تخلیقی شرکت کے لیے ایک پلیٹ فارم مل سکے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس سال وزیر اعلیٰ نے فن، ثقافت اور زبان کے محکمہ کے لیے ایک تاریخی بجٹ کو منظوری دی ہے، جس کا اثر دہلی کے ثقافتی منظر نامے پر واضح طور پر نظر آئے گا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی