اداکارہ سنگیتا بجلانی کے فارم ہاؤس میں چوری اور توڑ پھوڑ کا دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہ واقعہ پونے ضلع کے علاقے ماول میں واقع ان کے فارم ہاؤس پر پیش آیا، جہاں اداکارہ تقریباً چار ماہ بعد پہنچی تو دیکھا کہ وہاں بھاری نقصان ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق فارم ہاؤس سے کئی قیمتی اشیاء غائب ہیں اور توڑ پھوڑ کے واضح نشانات بھی دکھائی دے رہے ہیں۔ سنگیتا نے فوری طور پر مقامی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔ اداکارہ اس واقعے سے کافی صدمے میں ہیں۔
پولیس کو دی گئی شکایت میں سنگیتا بجلانی نے بتایا کہ جب وہ فارم ہاؤس پہنچی تو مرکزی دروازہ ٹوٹا ہوا تھا اور کھڑکی کی گرل بھی پھٹی ہوئی تھی۔ گھر کے اندر جا کر دیکھا تو ٹی وی غائب تھا۔ اس کے علاوہ چوروں نے بیڈ، فریج اور یہاں تک کہ سی سی ٹی وی کیمرہ بھی توڑ دیا۔ سنگیتا نے بتایا کہ پچھلے کچھ مہینوں سے وہ اپنے والد کی طبیعت کی خرابی کی وجہ سے فارم ہاؤس نہیں آسکتی تھی جس کی وجہ سے وہ وہاں کے حالات کو نہیں جان سکیں۔ پولیس اب آس پاس کے علاقوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج سکین کر رہی ہے اور نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
سنگیتا بجلانی نے واقعے کے بارے میں بتایا کہ میں اپنے دو گھریلو ملازموں کے ساتھ فارم ہاؤس پہنچی، جیسے ہی میں وہاں پہنچی تو دیکھا کہ مرکزی دروازہ ٹوٹا ہوا تھا اور کھڑکی کی گرل بھی ٹوٹی ہوئی تھی۔ ایک ٹی وی غائب تھا، جب کہ دوسرا ٹوٹا ہوا تھا۔ بالائی منزل پر ہر طرف سامان بکھرا ہوا تھا۔ کئی قیمتی سامان بھی نظر نہیں آرہے تھے۔
فی الحال پولیس نے معاملہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ حکام کی جانب سے جائے وقوعہ کی چھان بین کی جارہی ہے اور مشتبہ افراد کی تلاش کی جارہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد