صدر جمہوریہ، وزیر اعظم گوا حادثے پر غمزدہ، مرکزی حکومت کا مہلوکین کے لواحقین کو مالی مدد کا اعلان
نئی دہلی/پنجی، 07 دسمبر (ہ س)۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے گوا حادثے پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیر اعظم نے مہلوکین کے لواحقین کے لیے فوری طور پر مالی مدد کا اعلان کیا ہے۔ مودی نے ایکس پیغام میں اعلان کیا ہے کہ گوا کے ارپورا م
وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنا دکھ ایکس ہینڈل پر ظاہر کیا۔


نئی دہلی/پنجی، 07 دسمبر (ہ س)۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے گوا حادثے پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیر اعظم نے مہلوکین کے لواحقین کے لیے فوری طور پر مالی مدد کا اعلان کیا ہے۔ مودی نے ایکس پیغام میں اعلان کیا ہے کہ گوا کے ارپورا میں پیش آئے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے ہر خاندان کو وزیر اعظم قومی راحت فنڈ سے دو لاکھ روپے کی امدادی رقم دی جائے گی۔ زخمیوں کو 50,000 روپے دیے جائیں گے۔

وزیر اعظم نے ایکس پر لکھا، ”یہ واقعہ بہت افسوسناک ہے۔ میری ہمدردیاں ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ زخمی لوگ جلد از جلد ٹھیک ہوں۔ گوا کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر پرمود ساونت سے صورتحال کے بارے میں بات کی۔ ریاستی حکومت متاثرہ لوگوں کو ہر ممکن مدد دے رہی ہے۔“

اس درمیان صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ایکس پیغام میں کہا، ”شمالی گوا ضلع میں آگ لگنے کے افسوسناک واقعے سے بہت دکھ ہوا، جس میں کئی قیمتی جانیں گئیں۔ سوگوار خاندانوں کے تئیں میری گہری ہمدردی ہے۔ اس مشکل وقت میں انہیں ہمت ملے۔ میں زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی پرارتھنا کرتی ہوں۔“

یہ حادثہ شمالی گوا کے ارپورا میں دیر رات ایک نائٹ کلب میں آگ لگنے سے پیش آیا۔ اس میں 23 لوگوں کی موت ہو گئی۔ گوا کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آلوک کمار نے بتایا کہ تمام مہلوکین کلب کے ملازمین ہیں۔ آگ سلنڈر میں دھماکہ ہونے کے بعد لگی۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 23 لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔

گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت اور مقامی رکن اسمبلی مائیکل لوبو اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ پر پہنچے۔ لوبو نے بتایا کہ اس حادثے میں کسی بھی سیاح کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع ابھی تک نہیں ہے۔ افسران نے بتایا کہ آگ پر قابو پانے اور آگے تفتیش کے لیے راحت اور بچاؤ کا کام فوراً شروع کر دیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے حادثے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ گوا جیسی سیاحتی ریاست کے لیے بہت افسوسناک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جن لوگوں نے ضابطوں کو نظر انداز کر کے غیر قانونی طور پر اس طرح کے ادارے چلائے، ان کی وجہ سے یہ آتشزدگی کا حادثہ ہوا اور اس میں 23 لوگوں کی جان چلی گئی۔ حکومت اس واقعے کی جانچ کرے گی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande