
جبل پور، 07 دسمبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے جبل پور میں مدن محل ریلوے اسٹیشن میں ہفتہ کی رات ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ یہاں بھوپال سے جبل پور آ رہی جن شتابدی ایکسپریس سے مدن محل اسٹیشن پر اترنے کے بعد پٹری عبور کر رہے 6 لوگ مخالف سمت سے آ رہی مال گاڑی کی زد میں آ گئے۔ حادثے میں ایک خاتون کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ 3 بچوں سمیت 5 لوگ شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو فوراً 108 ایمبولینس کی مدد سے جبل پور کے میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے۔
معلومات کے مطابق حادثہ ہفتہ کی رات تقریباً 10 بج کر 58 منٹ پر مدن محل اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 1 پر ہوا۔ 3 خواتین اور 3 بچے نرسنگھ پور سے جن شتابدی ایکسپریس میں سوار ہوئے تھے۔ مدن محل اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 1 پر اترنے کے بعد مسافر پلیٹ فارم پر نہ اتر کر ٹریک پر دوسری سائیڈ اتر کر، فٹ اوور برج کا استعمال کیے بغیر سیدھے پٹریوں کو پار کر رہے تھے، تبھی جبل پور اسٹیشن کی جانب سے آ رہی ایک مال گاڑی کی زد میں آ گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی سی ایس پی رتیش کمار شو، آر پی ایف پوسٹ انچارج سجیت کمار بھی جائے حادثہ پر پہنچے۔ جی آر پی پولیس نے مردہ خاتون کی شناخت 30 سالہ پشپا سوندھیا کے طور پر کی ہے۔ پشپا ویسٹ سینٹرل ریلوے کے لانڈری محکمے میں کام کرتی تھیں۔ وہیں، زخمیوں میں 22 سالہ شوانی پٹیل، 40 سالہ ننھی بائی، 4 سالہ ریتی پٹیل اور 2 سالہ اندرجیت پٹیل شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایک 4 سالہ بچے کی حالت بے حد تشویشناک ہے، جس کی شناخت ابھی نہیں ہوسکی ہے۔ سبھی لوگ نرسنگھ پور ضلع کے مڑیا گاوں کے بتائے جا رہے ہیں۔ تمام زخمیوں کو فوراً نیتا جی سبھاش چندر بوس میڈیکل کالج اسپتال داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ 4 سالہ بچہ کے حالت سنگین ہونے کی وجہ سے اسے نیورو سرجری محکمے میں داخل کیا گیا ہے۔
ریلوے اسپتال سے اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچی ایمبولینس کے ڈرائیور انکت پروہا نے بتایا کہ انہیں ریلوے اسپتال سے اطلاع ملی کہ اسٹیشن پر حادثہ ہوا ہے۔ موقع پر پہنچ کر 3 خواتین اور 3 بچوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد میڈیکل کالج لایا گیا۔ جہاں ایک خاتون کو مردہ قرار دے دیا گیا۔ حادثے کی جانکاری ملتے ہی آر پی ایف، جی آر پی اور پولیس کے سینئر افسران ایڈیشنل ایس پی سٹی آیوش گپتا، ایڈیشنل ایس پی سٹی زون 2 پلوی شکلا اور کوتوالی سی ایس پی رتیش کمار شو، گڑھا سی ایس پی آشیش جین کے علاوہ ایس ڈی ایم موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس یہ پتہ لگا رہی ہے کہ یہ لوگ جبل پور کس وجہ سے آئے تھے۔
جی آر پی تھانہ انچارج سنجیونی راجپوت نے بتایا کہ مسافر جن شتابدی سے اترے مسافر 4 نمبر پلیٹ فارم کی جانب جانے کے لیے پٹریوں پر اتر گئے تھے۔ تبھی مال گاڑی کی زد میں آ گئے۔ ابتدائی جانچ میں سامنے آیا کہ مسافروں نے فٹ اوور برج کا استعمال نہیں کیا۔ حادثے کی تفصیلی جانچ جاری ہے۔ وہیں ایڈیشنل ایس پی پلوی شکلا نے کہا پورا معاملہ جانچ کے تحت ہے۔ ریل انتظامیہ یہ بھی دیکھ رہا ہے کہ کہیں کسی کی لاپرواہی تو نہیں ہوئی۔ ایک خاتون کی موت ہوئی ہے اور باقی زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ جبل پور کلکٹر راگھویندر سنگھ نے میڈیکل کالج انتظامیہ کو زخمیوں کے مناسب علاج کی ہدایت دی ہے۔ جس کے بعد ایس ڈی ایم گورکھپور انوراگ سنگھ نے میڈیکل کالج پہنچ کر صورتحال کی جانکاری لی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن