
نئی دہلی ،07دسمبر (ہ س )۔
بھارت اور پنجاب کے دھماکہ خیز اوپننگ بلے باز ابھیشیک شرما نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف رقم کر دیا ہے۔ وہ ایک کیلنڈر ایئر میں 100 چھکے لگانے والے پہلے ہندوستانی بلے باز بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں سید مشتاق علی ٹرافی 2025-26 میں سروسز کے خلاف میچ کے دوران انجام دیا۔ اس میچ میں ابھیشیک نے صرف 34 گیندوں پر 62 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں آٹھ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ اس اننگز کے دوران انہوں نے سال کے 100 ویں چھکے کا ہندسہ عبور کیا۔ اب تک وہ 2025 میں صرف 36 ٹی ٹوئنٹی اننگز میں 101 چھکے لگا چکے ہیں۔
ابھیشیککا بلا اس سال آگ اگل رہا ہے۔ انہوں نے 36 ٹی 20 اننگز میں 42.82 کی اوسط اور 204.22 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1499 رنز بنائے ہیں جس میں تین سنچریاں اور نو نصف سنچریاں شامل ہیں۔ انہوں نے سروسز کے خلاف میچ میں گیند کے ساتھ بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو وکٹیں لے کر پنجاب کو 73 رنز کی شاندار فتح حاصل کرنے میں مدد کی۔ اس سے قبل انہوں نے بنگال کے خلاف 32 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔ اس میچ میں ابھیشیک نے 52 گیندوں پر 148 رنز بنائے جس میں آٹھ چوکے اور 16 چھکے شامل تھے۔ پنجاب نے 20 اوورز میں پانچ وکٹ پر 310 رن بنائے۔
سید مشتاق علی ٹرافی کے موجودہ سیزن میں ابھیشیک سب سے زیادہ رنز بنانے والے تیسرے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے چھ اننگز میں 50.66 کی اوسط اور 249.18 کے اسٹرائیک ریٹ سے 304 رنز بنائے ہیں جس میں ایک سنچری اور دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ابھیشیک نے اس سال ہندوستان کے لیے 17 ٹی 20 میچوں میں 47 چھکے، آئی پی ایل 2025 میں سن رائزرز حیدرآباد کے لیے 14 میچوں میں 28 چھکے اور سید مشتاق علی ٹرافی میں چھ میچوں میں 26 چھکے لگائے ہیں۔
واضح رہے کہ ابھیشیک شرما اس وقت آئی سی سی T20 رینکنگ میں دنیا کے نمبر ایک بلے باز ہیں۔ اس کے 920 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ اب سب کی نظریں جنوبی افریقہ کے خلاف 9 دسمبر سے شروع ہونے والی پانچ میچوں کی T20 سیریز پر ہیں جہاں ابھیشیک ایک بار پھر اپنی دھماکہ خیز بلے بازی سے میدان میں چمکنے کے لیے تیار ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ