
رائے بریلی، 7 دسمبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے رائے بریلی میں لکھنؤ ۔ پریاگ راج ہائی وے پر سنیچر کی دیر رات ایک بس بے قابو ہوکر سڑک کے کنارے الٹ گئی۔ حادثے میں چھ مسافر زخمی ہوئے جنہیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولس سنجیو سنہا نے اتوار کو اسپتال کا دورہ کرکے زخمیوں کی عیادت کی۔
اے ایس پی نے بتایا کہ ہفتہ کی رات دیر گئے ایک پرائیویٹ بس 40 مسافروں کو لے کر لکھنؤ سے چھتیس گڑھ جا رہی تھی۔ بس اچانک کنٹرول کھو بیٹھی اور ہرچند پور تھانہ علاقے کے ڈیڈولی گاؤں کے قریب سڑک کے کنارے الٹ گئی۔ حادثے سے مسافروں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی ہرچند پور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔ ڈاکٹروں نے دو مسافروں کی حالت تشویشناک قرار دیدی جب کہ چار کو علاج کے بعد فارغ کر دیا گیا۔ واقعہ کے بعد سے بس ڈرائیور فرار ہے۔
مسافروں نے پولیس کو بتایا کہ ڈرائیور نشے میں تھا اور پورے سفر میں لاپرواہی سے گاڑی چلا رہا تھا۔ مسافروں کے الزامات کی بنیاد پر پولیس نے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس کی تلاش شروع کر دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد