
جموں, 2 نومبر (ہ س)۔ ضلع کٹھوعہ کے پلائی گاؤں میں پولیس کی ایک ٹیم پر مقامی افراد نے اُس وقت سنگباری کی، جب وہ ایک مطلوب منشیات فروش کو گرفتار کرنے پہنچی تھی۔اطلاعات کے مطابق راجباغ پولیس اسٹیشن اور ایس او جی ہیرا نگر کی مشترکہ ٹیم پلائی میں کارروائی کے لیے پہنچی، جہاں مطلوب منشیات فروش سرمو ولد حنیف سکمہ ہردو مٹھی (پلائی راجباغ) کی گرفتاری عمل میں لائی جانی تھی۔
تاہم جیسے ہی پولیس نے ملزم کو حراست میں لینے کی کوشش کی، مقامی گجر برادری کے چند افراد نے مزاحمت کرتے ہوئے پتھراؤ شروع کر دیا، جس کے نتیجے میں چار پولیس اہلکار ہیپی شرما، سبھاش سنگھ، میناکشی شرما اور بنٹی لالوترہ زخمی ہو گئے۔
زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) کٹھوعہ منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔پولیس نے پتھراؤ کے باوجود کارروائی جاری رکھتے ہوئے منشیات فروش سرمو کو گرفتار کر لیا اور اسے پولیس اسٹیشن راجباغ منتقل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی۔حکام کے مطابق واقعے کے سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، اور پولیس ٹیم پر حملہ کرنے والے تمام عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر