
آکلینڈ، 2 نومبر (ہ س)۔ نیوزی لینڈ کے نامور بلے باز اور سابق کپتان کین ولیمسن نے ٹی20 بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ 35 سالہ ولیمسن نے یہ فیصلہ اگلے ٹی20 ورلڈ کپ سے صرف چار ماہ قبل کیا، جس کے ساتھ ان کے شاندار 93 میچوں پر مشتمل کیریئر کا اختتام ہوگیا۔
ولیمسن نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹی20 بین الاقوامی میں سب سے زیادہ رن بنانے والے دوسرے بلے باز ہیں۔ انہوں نے 33 کی اوسط سے 2575 رن بنائے، جن میں 18 نصف سنچریاں اور 95 رن کا سب سے زیادہ اسکور شامل ہے۔ انہوں نے 2011 میں ڈیبیو کیا اور 75 میچوں میں ٹیم کی کپتانی کی، جس میں نیوزی لینڈ کو دو ٹی20 ورلڈ کپ سیمی فائنل (2016، 2022) اور ایک فائنل (2021) تک پہنچایا۔
ولیمسن نے اپنے بیان میں کہا، ’’یہ کچھ ایسا ہے جس کا حصہ بننا میرے لیے بے حد خاص رہا ہے۔ میں اس طویل سفر کے لیے شکر گزار ہوں۔ اب یہ صحیح وقت ہے، میرے لیے اور ٹیم کے لیے، تاکہ اگلے مرحلے کی تیاری واضح طور پر ہو سکے۔ ٹیم میں بہت صلاحیت موجود ہے اور مجھے یقین ہے کہ مچ سینٹنر شاندار قیادت کریں گے۔‘‘
ولیمسن پہلے ہی نیوزی لینڈ کی وائٹ بال کپتانی مچیل سینٹنر کو سونپ چکے ہیں۔ 2024 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں ٹیم کے ابتدائی طور پر آوٹ ہونے کے بعد انہوں نے محدود اوورز میں اپنی ذمہ داری محدود کر لی تھی تاکہ وہ اپنے خاندان اور فرنچائز کرکٹ کے درمیان توازن قائم رکھ سکیں۔
حال ہی میں وہ چوٹوں اور انتخابی شیڈول کی وجہ سے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز سے باہر رہے، لیکن انگلینڈ کے خلاف ختم ہونے والی ون ڈے سیریز میں انہوں نے واپسی کی۔
انہوں نے اشارہ دیا کہ وہ مستقبل میں ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں اپنی ذمہ داری کے بارے میں کھلے ذہن سے فیصلہ کریں گے۔
ولیمسن اب ناردرن ڈسٹرکٹس کی جانب سے 26 نومبر سے آکلینڈ کے خلاف پلانکیٹ شیلڈ میچ میں کھیل سکتے ہیں۔ ان کا اگلا بڑا ہدف ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 دسمبر سے شروع ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے سی ای او اسکاٹ وینک نے ولیمسن کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ’’ٹی20 فارمیٹ میں کین کا کردار اور قیادت شاندار رہی ہے۔ ان کی بلے بازی اور کپتانی دونوں نے ٹیم کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ ٹی20 ورلڈ کپ فائنل میں ان کے 85 رنوں کی اننگز نیوزی لینڈ کرکٹ کی تاریخ کی خاص اننگز میں سے ایک تھی۔‘‘
وینک نے مزید کہا کہ بورڈ پوری طرح ولیمسن کے فیصلے کا احترام کرتا ہے، ’’وہ ہمارے سب سے عظیم کرکٹرز میں سے ایک ہیں۔ جب بھی وہ باقی فارمیٹس سے ریٹائر ہوں گے، وہ نیوزی لینڈ کرکٹ کے قدآوروں میں شامل رہیں گے۔‘‘
کین ولیمسن ٹی20 فرنچائزی کرکٹ کھیلتے رہیں گے اور وہ نیوزی لینڈ کے تمام فارمیٹس میں سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن