
مینڈھر میں دو روز قبل نامعلوم افراد کے ہاتھوں زخمی ہونے والا جونئیر فارماسسٹ چل بسا
جموں، 14 نومبر (ہ س)۔ مینڈھر کے دھارنا گاؤں سے تعلق رکھنے والے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے جونیئر فارماسسٹ شبیر احمد چودھری دو روز قبل ہونے والے وحشیانہ حملے کے بعد جمعہ کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق 12 نومبر کو شبیر احمد ڈیوٹی کے سلسلے میں سب سنٹر چیڑھی جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم افراد نے ان پر سنگین حملہ کیا۔ حملے کے فوراً بعد انہیں سب ڈسٹرکٹ اسپتال مینڈھر منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد حالت تشویشناک ہونے پر جی ایم سی راجوری اور پھر جی ایم سی جموں ریفر کیا گیا۔
بی ایم او مینڈھر ڈاکٹر اشفاق چودھری نے بتایا کہ شبیر احمد کے متعدد ہڈیاں ٹوٹ گئی تھیں اور ان کے پھیپھڑوں اور جگر کو شدید اندرونی نقصان پہنچا تھا، جس کے باعث وہ آج دم توڑ گئے۔
دوسری جانب پولیس نے معاملے کی تحقیقات تیز کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ ایک پولیس افسر کے مطابق کچھ ٹھوس سراغ ملے ہیں اور چند مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جبکہ پوری کارروائی کو سنجیدگی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر