
نئی دہلی، 14 نومبر (ہ س)۔ ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے 136 ویں یوم پیدائش کے موقع پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی، کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور کئی سینئر لیڈروں نے ان کی سمادھی استھل پر پہنچ کر انہیں گلہائے عقیدت نذر کئے۔
کانگریس قائدین اور کارکنان صبح سویرے ہی شانتی ون پہنچنا شروع ہوگئے اور ایک قطار میں کھڑے ہوکر نہرو کو خراج عقیدت پیش کرتے رہے ۔ انہوں نے ان کی سمادھی استھل پر گلہائے عقیدت نذر کئے۔
کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے اپنی ایکس پوسٹ میں نہرو کو ایک ملک کا معمار قرار دیا۔ کھڑگے نے کہا کہ نہرو نے جمہوریت اور جدید اداروں کی مضبوط بنیاد رکھی اور ملک کو سائنسی سوچ اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ کھڑگے نے بچوں کو یوم اطفال پر بھی مبارکباد دی۔
لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے ایکس پوسٹ میں کہا کہ پنڈت جواہر لال نہرو نے اپنی دور اندیشی اور جرا¿ت مندانہ قیادت سے آزاد ہندوستان میں جمہوری اقدار کی بنیاد رکھی۔
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ پنڈت نہرو ملک کے کروڑوں لوگوں کوہی بھارت ماتا سمجھتے تھے۔ پرینکا نے نہرو کو ایک شمولیتی اور ترقی پسند ہندوستان کا معمار قرار دیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد