
ہبلی، 14 نومبر (ہ س)۔ مرکزی خوراک اور شہری رسد کے وزیر پرہلاد جوشی نے کانگریس پارٹی کو ڈوبتی ہوئی کشتی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی خود بھی ڈوب رہے ہیں اور اپنے اتحادیوں کو بھی ڈبارہے ہیں۔جمعہ کو کرناٹک کے ہبلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر جوشی نے کہا کہ راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس پارٹی پورے ملک میں ڈوب رہی ہے۔ ووٹ چوری کے کھوکھلے الزامات لگانے کے ان کے حربے سے بہار کے لوگوں کو کوئی سروکار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی بہار میں ایک ہندسے کا نتیجہ حاصل کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ راہل گاندھی اپنے اتحادیوں کا وجود بھی ختم کر رہے ہیں۔ جوشی نے طنزیہ ریمارک کیا کہ راہل گاندھی ہمیشہ نیوکلیئر اور ہائیڈروجن بموں کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ تمام بم اپنی ہی پارٹی اور اتحادیوں پرگرادیئے۔
مرکزی وزیر جوشی نے کہا کہ راہل گاندھی نے ملک کے آئینی ادارے اور نظام پر شبہات ڈالنے کی کوشش کی۔ انہوں نے ووٹوں میں دھاندلی اور ووٹنگ مشینوں کی خرابی اور ووٹروں کو گمراہ کرنے کے بے بنیاد الزامات لگا کر اچھے نتائج حاصل کئے۔ بہار کے عوام نے کانگریس اور عظیم اتحاد کے تمام الزامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ یہ ان کے ووٹ دھاندلی کے الزامات کا مناسب جواب ہے۔ جوشی نے کہا کہ راہل گاندھی کو کم از کم ووٹروں، آئین اور آئینی اداروں کا احترام کرنا چاہیے۔پرہلاد جوشی نے کہا کہ این ڈی اے اتحاد نے بہار میں تاریخی فتح حاصل کی ہے۔ یہ ووٹروں کی طرف سے وزیر اعظم مودی اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت کا مینڈیٹ ہے۔ انہوں نے اس کے لیے بہار کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan