
حیدرآباد ، 14 نومبر (ہ س)۔تلنگانہ ہائی کورٹ نے جمعہ، 14 نومبر کو ریاستی حکومت سےکہا کہ وہ 24 نومبر تک بلدیاتی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرے۔ہائی کورٹ نے زوردیا کہ پنچایتی انتخابات ان کی میعاد ختم ہونے کے چھ ماہ کے اندر کرائے جائیں۔ عدالت نے سماعت کے دوران کہاکہ ہم نے صرف بی سی ریزرویشن کے بارے میں اعتراضات اٹھائے ہیں اور انتخابات کرانے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ وہ متنازعہ بی سی ریزرویشن والے دیہاتوں کو چھوڑکر انتخابات کرانے کا ارادہ رکھتاہے۔ تاہم ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے جزوی رویہ پر عدم اطمینان کا اظہارکیا۔عدالت نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانا قابل عمل نہیں ہے۔ اس نے 24 نومبر تک انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرنے کا اعادہ کیا۔اکتوبر میں تلنگانہ حکومت نے کہا کہ وہ اس سال دسمبر تک بلدیاتی انتخابات کرانے کا منصوبہ بنارہی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے متبادل منصوبے تیارکیے ہیں جواس پر منحصر ہے کہ عدالت ریلیف دیتی ہے یا نہیں۔قبل ازیں، ہائی کورٹ نے جی او 9 کے نفاذپر روک لگادی تھی، جس میں مقامی اداروں میں بی سی کےلیے 42 فیصد ریزرویشن فراہم کیا گیا تھا۔ اس کے بعد ریاستی حکومت نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا، لیکن عدالت عظمیٰ نے اسے حتمی سماعت کے لیے ہائی کورٹ میں واپس جانے کا مشورہ دیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق