
بریلی، 12 نومبر (ہ س)۔ بھیم آرمی بھارت ایکتا مشن نے بریلی انتظامیہ سے پانی کی سپلائی میں درج فہرست ذاتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کی شکایت کی ہے۔ تنظیم کے ضلع صدر سشیل کمار گوتم نے بدھ کو ضلع مجسٹریٹ کو ایک میمورنڈم پیش کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ گاوں پد پور، بھوجی پورہ تھانہ، عالم پور جعفر پور بلاک میں دلت بستی کو دو برس سے پانی کی سپلائی نہیں کی جا رہی ہے، جب کہ باقی گاوں کو باقاعدہ پانی کی فراہمی جاری ہے۔
سشیل کمار نے بتایا کہ دو سال قبل ایک واٹر اسکیم کے تحت پانی کی ٹنکی بنائی گئی تھی لیکن درج فہرست ذات کے محلے میں پائپ لائن کو جان بوجھ کر توڑا گیا جس سے پانی کھیتوں میں بہہ رہا ہے اور بستی کے لوگ پانی کے بحران سے دوچار ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے کے حوالے سے پہلے عوامی سماعت کے پورٹل اور چیف منسٹر ہیلپ لائن پر شکایت درج کروائی گئی تھی، لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ جل نگم کے ایک اہلکار نے فون پر دھمکی آمیز لہجے میں کہا، ”تم جیسے بھیم آرمی والے زیادہ بکھیڑا کھڑے کرتے ہو،تمہارے خلاف کیس درج کر دوں گا۔“عہدیداروں نے مطالبہ کیا ہے کہ قصوروار عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جاے اور درج فہرست ذات افراد کی بستی کو پانی کی فراہمی فوری بحال کی جائے ۔ اس موقع پر ریاستی جنرل سکریٹری وکاس بابو ایڈوکیٹ، نیترپال ساگر، مہندرپال ساگر، سیم میسی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد