رفح سرحدپر اسرائیلی حملے میں بچوں اور خواتین سمیت 100 شہری جاں بحق
غزہ،12فروری(ہ س)۔ داخلی طور پر بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کے انبوہ سے کچھا کھچ بھرے ہوئے رفح شہر پر
رفح سرحد


غزہ،12فروری(ہ س)۔

داخلی طور پر بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کے انبوہ سے کچھا کھچ بھرے ہوئے رفح شہر پر اسرائیلی حملے کے اعلانات کے تناظر میں اسرائیل نے شہر پر بری، بحری اور فضائی جہتوں سے حملے کیے ہیں جن میں دسیوں فلسطینی ہلاک وزخمی ہوئے ہیں۔فلسطینی وزارت صحت نے پیر کے روز بتایا کہ اسرائیلی کارروائیوں میں کم سے کم ایک سو افراد جاں بحق جبکہ 230 زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ادھر مرکز اطلاعات فلسطین نے ٹیلی گرام نامی اپنے سوشل میڈیا اکاو¿نٹ پر اطلاع دی ہے کہ مرنے والوں میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین شامل ہیں۔ اسرائیل نے رفح کے مختلف علاقوں میں دو مساجد سمیت متعدد گھروں کو نشانہ بنایا ہے۔اسرائیلی حملوں میں زخمی ہونے والے دسیوں زخمی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ رفح آپریشن میں حماس کے پاس یرغمال دو اسرائیلی قیدیوں کو بھی رہا کروا لیا گیا ہے۔ ان کی صحت اچھی بتائی جاتی ہے، جنہیں اب ہسپتال معائنے کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔

رہا کروائے یرغمالیوں کی شناخت ستر سالہ لویس ہر اور ساٹھ سالہ فرنانڈو مرمان کے طور پر کرائی گئی ہے۔خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق ’اسرائیلی فوج نے پیر کو کہا ہے کہ اس نے جنوبی غزہ پر ’متعدد فضائی حملے‘ کیے جو اب ’ختم ہوگئے‘ ہیں۔رائٹرز نے ایک ایپ کا استعمال کرتے ہوئے رفح کے جن شہریوں سے رابطہ کیا، انہوں نے بتایا کہ ’شدید بمباری سے علاقے میں بہت خوف و ہراس پھیل گیا کیونکہ حملے شروع ہونے کے وقت بہت سے لوگ سو رہے تھے۔‘رفح پر حملے سے قبل امدادی اداروں نے خبردار کیا تھا کہ ’یہ تباہ کن ہوگا۔‘ یہ اسرائیلی جارحیت سے تباہ ہونے والے علاقے میں آخری نسبتاً محفوظ جگہ ہے۔وائٹ ہاو¿س کے مطابق امریکی صدر بائیڈن نے اتوار کو بن یامین نتن یاہو سے کہا تھا کہ ’اسرائیل کو رفح میں پناہ لینے والے تقریباً 10 لاکھ افراد کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے قابل اعتماد منصوبے کے بغیر وہاں فوجی آپریشن شروع نہیں کرنا چاہیے۔‘وائٹ ہاو¿س کے مطابق بائیڈن اور نیتن یاہو کے درمیان تقریبا 45 منٹ تک بات چیت ہوئی ہوئی تھی۔اقصیٰ ٹیلی ویڑن نے اتوار کو حماس کے ایک سینئیر رہنما کے حوالے سے کہا تھا کہ رفح میں اسرائیل کی جانب سے کسی بھی زمینی جارحیت سے قیدیوں کے تبادلے سے متعلق مذاکرات ’ختم‘ ہو جائیں گے۔اے ایف پی کے مطابق امریکہ، اقوام متحدہ اور کئی حکومتوں نے نتن یاہو کے اس شہر پر حملہ کرنے کے منصوبوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا تھا ، جہاں تقریباً 14 لاکھ افراد جمع ہیں۔سعودی عرب نے غزہ کے معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ بھی کیا۔اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے سختی سے خبردار کیا کہ ’اسرائیلی فوجی جارحیت کا تسلسل اور توسیع فلسطینی عوام کو ان کی سرزمین سے زبردستی بے دخل کرنے کی مسترد کوششوں کا حصہ ہے۔‘

ہندوستھان سماچار


 rajesh pande