تل ابیب،21دسمبر(ہ س)۔
حالیہ عرصے کے دوران میں تمام مثبت اشارے اس بات کا پتا دے رہے ہیں کہ غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کا اعلان قریب ہے۔اسرائیلی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں یرغمال بعض قیدیوں کے گھر والوں کو اس بات کے اشارے ملے ہیں کہ ان کے پیارے زندہ ہیں۔ ان گھرانوں کو نمایاں پیش رفت ہونے سے آگاہ کیا گیا ہے اور ممکن ہے کہ آئندہ 7 سے 10 روز میں ابتدائی سمجھوتا طے پا جائے۔ یہ بات اسرائیلی ٹی وی چینل 12 نے بتائی ہے۔بعض دیگر اسرائیلی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ مذاکرات کے ذمے داران چاہتے ہیں کہ یرغمالیوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو زندہ واپس لایا جائے بالخصوص تبادلے کا پہلا دور جس میں خواتین اور 65 برس سے زیادہ کے مرد شامل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق اسرائیل کوششیں کر رہا ہے کہ پہلے مرحلے میں مذکورہ طبقے کے علاوہ زخمیوں اور مریضوں کو شامل کروایا جائے۔فائر بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاملے نے اسرائیلی حکومت اور حماس تنظیم دونوں پر دباو¿ ڈالا ہے۔ بالخصوص غزہ کی پٹی میں ہونے والی بڑی تباہی جو گذشتہ 14 ماہ تک اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں پھیلی۔اکتوبر 2023 کے بعد تقریبا 100 اسرائیلی قیدی ابھی تک غزہ میں ہیں۔ تاہم بعض رپورٹوں کے مطابق ان میں سے آدھے لوگ مر چکے ہیں۔ ادھر اسرائیلی جیلوں میں ہزاروں فلسطینی کئی برسوں سے زیر حراست ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan