شملہ، 23 نومبر (ہ س)۔ ہماچل پردیش میں گزشتہ کئی دنوں سے بادلوں کے برسنے کا انتظار ہو رہا ہے۔ ریاست کے پہاڑی علاقوں میں آج موسم میں معمولی تبدیلی دیکھی گئی ہے۔ شملہ، چمبہ، کلو، لاہول اسپیتی اور کنور میں صبح سے ہی آسمان ابر آلود ہے۔ بعض مقامات پر بادلوں کے جمع ہونے اور تیز ہواو¿ں نے موسم کا مزاج تبدیل کر دیا ہے جس کی وجہ سے دن کا درجہ حرارت گر گیا ہے اور سردی بڑھ گئی ہے۔ کل رات لاہول اسپیتی کے تابو اور کنور کے ریکانگ پیو میں بالترتیب 55 اور 53 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ویسٹرن ڈسٹربنس کی وجہ سے آج ریاست کے بلند ی والے علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ نے لاہول اسپیتی، کنور، کلّو، چمبہ اور کانگڑا اضلاع کے بالائی علاقوں میں برف باری کی پیشن گوئی کی ہے۔ دیگر علاقوں میں موسم پہلے کی طرح صاف رہے گا۔ اس کے علاوہ 24 سے 29 نومبر تک پوری ریاست میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ نے اگلے تین دنوں یعنی 24، 25 اور 26 نومبر تک میدانی اضلاع اونا، بلاس پور، ہمیر پور اور منڈی کے سندر نگر میں صبح اور شام کو گھنے دھند کی ایلو الرٹ وارننگ جاری کی ہے۔
ریاست میں گزشتہ 54 دنوں سے خشکی جاری ہے۔ ریاست میں 29 ستمبر کے بعد سے بہت کم بارش ہوئی ہے۔ اکتوبر میں معمول سے 98 فیصد کم بارش درج کی گئی۔ نومبر کا مہینہ بھی خشک رہا ہے۔ بارش نہ ہونے سے زراعت اور باغبانی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ بارش پر منحصر علاقوں میں کسان گندم کی بوائی نہیں کر سکے۔ خشک سالی کی وجہ سے پینے کے پانی کے منصوبوں میں پانی کی سطح گر رہی ہے۔ زیادہ تر ہائیڈرو پراجیکٹس میں بجلی کی پیداوار بھی متاثر ہوئی ہے۔
ریاست میں خشک سردی کی لہر، کئی مقامات پر پارہ مائنس میں
ریاست میں بارش نہ ہونے کی وجہ سے خشک سردی ہے جس کی وجہ سے لوگ بیمار پڑ رہے ہیں۔ ریاست کے کم سے کم درجہ حرارت میں مسلسل کمی درج کی جا رہی ہے۔ کم از کم درجہ حرارت گزشتہ تین دنوں سے معمول سے نیچے درج کیا جا رہا ہے۔ قبائلی ضلع لاہول اسپیتی میں کئی مقامات پر رات کا درجہ حرارت مائنس میں بنا ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق، لاہول اسپیتی کے تابو میں ہفتہ کو کم سے کم درجہ حرارت-8.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا اور یہ ریاست کا سب سے سرد مقام تھا۔ اس کے علاوہ کوکمسیری میں -4.8 ڈگری، سمدھو میں -1.3 ڈگری، کنور کے کلپا میں صفر ڈگری، سیاحتی شہر منالی میں 3.1 ڈگری، شملہ میں 9.2 ڈگری، کفری میں 6.2 ڈگری، ڈلہوزی میں 8.5 ڈگری، سندر نگر میں 5.2 ڈگری، بھونتر میں3.1ڈگری، دھرم شالہ میں9.5ڈگری، اونا میں 6.6 ڈگری، پالم پور میں 9.5 ڈگری، سولن 4.3 ڈگری، کانگڑا 7.5 ڈگری، منڈی 6.2 ڈگری، بلاس پور 7.7 ڈگری، ہمیر پور میں 6.9 ڈگری، چمبا میں7.3 ڈگری، نارکنڈہ میں3.6 ڈگری، بھرمور میں 6.2، ریکانگ پیو میں 3 ڈگری اور سیوباغ میں 3 ڈگری سیلسیس رہا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد