چنڈی گڑھ، 23 نومبر (ہ س)۔
پنجاب میں چار اسمبلی حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے بعد ہفتہ کو اعلان کردہ نتائج میں حکمراں عام آدمی پارٹی نے تین نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ وہیں اپوزیشن پارٹی کانگریس نے ایک سیٹ جیتی ہے۔ حالانکہ لوک سبھا انتخابات سے پہلے کانگریس کے پاس تین اور عام آدمی پارٹی کے پاس ایک سیٹ تھی۔ شرومنی اکالی دل نے یہ ضمنی انتخاب نہیں لڑا تھا جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدواروں کو اس میں عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ریاستی الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نتائج کے مطابق عام آدمی پارٹی کے ڈاکٹر اشنک کمار نے ہوشیار پور ضلع کی چبیوال اسمبلی سیٹ سے کانگریس امیدوار رنجیت کمار کو 28 ہزار 690 ووٹوں سے شکست دی۔ یہاں بی جے پی امیدوار سوہن سنگھ کو صرف 8692 ووٹ ملے ہیں۔برنالہ اسمبلی میں کانگریس امیدوار کلدیپ سنگھ ڈھلون نے عام آدمی پارٹی کے ہریندر سنگھ ڈھلیوال کو 2157 ووٹوں کے معمولی فرق سے شکست دی ہے۔ اس سیٹ پر بی جے پی امیدوار کیول سنگھ ڈھلون کو 17 ہزار 958 ووٹ ملے ہیں۔ریاست کی سب سے مقبول سیٹ گدربہا کے انتخابی نتائج اس بار بہت چونکا دینے والے رہے ہیں۔ اس سیٹ پر عام آدمی پارٹی اپنا کھاتہ کھولنے میں کامیاب رہی۔ یہاں آپ کے امیدوار ہردیپ سنگھ ڈمپی ڈھلون نے کانگریس امیدوار امریتا وڈنگ کو 21 ہزار 801 ووٹوں سے شکست دی۔ امریتا ویڈنگ پنجاب کانگریس کے صدر امریندر سنگھ راجہ ویڈنگ کی اہلیہ ہیں۔ 90 کی دہائی میں گدربہا سے الیکشن جیت کر پنجاب کی سیاست میں سرگرم ہونے والے بی جے پی امیدوار منپریت سنگھ بادل کو اس بار صرف 12 ہزار 174 ووٹ ملے ہیں۔
پنجاب کی سرحدی سیٹ ڈیرابا نانک سے عام آدمی پارٹی کے امیدوار گردیپ سنگھ رندھاوا نے کانگریس امیدوار جتندر کور رندھاوا کو 5699 ووٹوں سے شکست دی ہے۔ جتندر کور سابق ڈپٹی چیف منسٹر اور ایم پی سکھجندر سنگھ رندھاوا کی اہلیہ ہیں۔ اس سیٹ سے بی جے پی امیدوار روی کرن کاہلون کو صرف 6505 ووٹ ملے ہیں۔پنجاب کی چار نشستوں پر آج ہونے والے ضمنی انتخاب کے نتائج کے بعد اسمبلی کی شکل بھی بدل گئی ہے۔ اب 117 سیٹوں والی ریاستی اسمبلی میں عام آدمی پارٹی کے ایم ایل ایز کی تعداد 95 تک پہنچ گئی ہے۔ ایوان میں کانگریس کے ممبران اسمبلی کی تعداد کم ہو کر 16 ہو گئی ہے، بھارتیہ جنتا پارٹی کے دو، شرومنی اکالی دل کے دو اور بہوجن سماج پارٹی کے ایک اور ایک آزاد ایم ایل اے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan