ایل جی لداخ نے ایجوکیشن کانکلیو کا افتتاح کیا
ایل جی لداخ نے ایجوکیشن کانکلیو کا افتتاح کیا لداخ، 23 نومبر (ہ س)۔ مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) ڈاکٹر بی ڈی مشرا نے آج لداخ ایجوکیشن کانکلیو 2024 کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر چیئ
Ladakh


ایل جی لداخ نے ایجوکیشن کانکلیو کا افتتاح کیا

لداخ، 23 نومبر (ہ س)۔ مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) ڈاکٹر بی ڈی مشرا نے آج لداخ ایجوکیشن کانکلیو 2024 کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر چیئرمین ،چیف ایگزیکٹو کونسلر ایل اے ایچ ڈی سی کرگل ڈاکٹر محمد جعفر اخون اور ڈپٹی چیئرمین ایل اے ایچ ڈی سی لہیہ سیرنگ انگچک بھی موجود تھے۔ یہ دو روزہ کانکلیو محکمہ اعلیٰ تعلیم، محکمہ اسکول ایجوکیشن اور لداخ اسکل ڈیولپمنٹ مشن کے اشتراک سے منعقد کیا گیا ہے، جس کا مقصد قومی تعلیمی پالیسی 2020 اور جدید رجحانات کے مطابق اسکول تعلیم، ہنر مندی اور اعلیٰ تعلیم کو ہم آہنگ کرنا ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کانفرنس میں ملک بھر سے ماہرین کی شرکت کو خوش آئند قرار دیا اور تعلیم میں اصلاحات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ طلباء کی شخصیت سازی اور انہیں باصلاحیت شہری بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ سردیوں کے موسم میں طلباء کے لیے خصوصی کلاسز کا اہتمام کریں اور انہیں مستقبل کے قائدین کے طور پر تیار کرنے کے لیے تعلیمی ماحول میں جدت اور تنوع پیدا کریں۔

چیئرمین ایل اے ایچ ڈی سی کرگل ڈاکٹر محمد جعفر اخون نے اس کانکلیو کو معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں سی بی ایس ای نصاب کے نفاذ سے کئی چیلنجز درپیش ہیں، لیکن یہ طلباء کو مقابلہ جاتی امتحانات کے لیے بہتر طور پر تیار کرنے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے لداخی طلباء کے لیے مقامی نصاب کی تیاری، پیشہ ورانہ کورسز، دور دراز علاقوں میں ہاسٹل کی سہولت اور مضمون وار اساتذہ کی تقرری کی ضرورت پر زور دیا۔

ڈپٹی چیئرمین ایل اے ایچ ڈی سی لہیہ سیرنگ انگچک نے لیفٹیننٹ گورنر کو لداخ کے سرکاری اسکولوں میں طلباء و اساتذہ کے تناسب، تدریسی عملے کی کمی اور کم داخلوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ تقریب کے آغاز پر پرنسپل سکریٹری اسکول ایجوکیشن سنجیو کھرور نے شرکا کا خیر مقدم کیا جبکہ سکریٹری بھانو پربھا نے شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر ایل اے ایچ ڈی سی لہیہ اور کرگل کے کونسلرز، لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر ڈاکٹر پون کوتوال، کمشنر سکریٹری پدما انگمو، مختلف شعبہ جات کے سربراہان، اساتذہ، طلبہ اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande