۔مسافروں کو اسٹیشن چھوڑنے کی ہدایت
کولکاتا، 23 نومبر (ہ س)۔ کولکاتا میٹرو سروس میں ہفتہ کی صبح ایک بار پھر تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی، جس کی وجہ سے دمدم سے کوی سبھاش لائن پر خدمات مکمل طور پر ٹھپ ہوگئیں۔ صبح کے بھیڑبھاڑ والے وقت میں شوبھابازار اسٹیشن پر مسافروں کو ٹرین سے اتار دیا گیا اور اسٹیشن خالی کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اسٹیشن کے انفارمیشن بورڈ پر’خدمات بند‘ لکھ دیاگیا۔
صبح کے وقت میٹرو میں اسکول -کالج کے طلبا اور دفتر جانے والے مسافروں کی بھاری بھیڑ تھی۔ اس اچانک خرابی کی وجہ سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ فی الحال اس مسئلے کی وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں۔
دمدم سے صبح روانہ ہونے والی میٹرو ٹرین شوبھابازار تک پہنچ کر رک گئی۔ مسافروں کو اسٹیشن اور ٹرین کے اندر اعلانات کے ذریعے مطلع کیا گیا کہ سروس عارضی طور پر بند کی جا رہی ہے۔ مسافروں سے نہ صرف ٹرین چھوڑنے کو کہا گیا بلکہ اسٹیشن سے باہر جانے کو بھی کہا گیا۔
میٹرو سروس میں خلل کی وجہ سے ٹرینیں دیگر اسٹیشنوں جیسے بیل گچھیا، شیام بازار اور چاندنی چوک تک نہیں پہنچ سکیں۔ ان اسٹیشنوں پر مسافروں نے شکایت کی کہ ٹرینیں صبح مقررہ وقت پر نہیں آئیں، جس کی وجہ سے کئی مسافروں کو بس، ٹیکسی یا دیگر ذرائع آمدورفت کا سہارا لینا پڑا۔
جمعہ کو بھی میٹرو سروس میں تاخیر کی شکایات موصول ہوئیں۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ دوپہر کے وقت ہر اسٹیشن پر ٹرینوں کی تاخیر سے پہنچنے کا مسئلہ دیکھا گیا۔ تاہم میٹرو انتظامیہ کی جانب سے اس خرابی کے حوالے سے ابھی تک کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد