سرینگر 23 نومبر( ہ س)۔ کپواڑہ میں محکمہ باغبانی کے ملازمین نے ہفتہ کے روز ایک احتجاجی مظاہرہ کیا اور اپنی تنخواہیں جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ ملازمین ہندواڑہ میں جمع ہوئے، ہمیں انصاف چاہیے، ہماری تنخواہیں جاری کریں، اور تنخواہ ہمارا انصاف ہے جیسے نعرے لگائے۔ملازمین نے بتایا کہ حال ہی میں عدالت نے عارضی ملازمین کو اجرت جاری کرنے کا حکم دیا تھا اور کپواڑہ کے چیف ہارٹیکلچر آفیسر سے ڈی ڈی او (ڈرائنگ اینڈ ڈبرسنگ آفیسر) کے اختیارات ضبط کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ جس کی وجہ سے مستقل ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے حوالے سے مسائل کا سامنا ہے۔ احتجاج میں ٹی یو سی سی کے رہنما عامر گیلانی بھی شامل ہوئے، جنہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے اور ملازمین کے تحفظات کو دور کرے۔ گیلانی نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ کچھ ملازمین کے خاندان کے افراد کینسر میں مبتلا ہیں، اور وہ علاج کے اخراجات برداشت کرنے سے قاصر ہیں۔ بہت سے ملازمین نے بینکوں سے قرضہ لیا ہے اور وہ اپنی ماہانہ قسط کی ادائیگی کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mir Aftab