نئی دہلی، 18 ستمبر (ہ س)۔ ہفتے کے پہلے کاروباری روز گھریلو شیئر مارکیٹ کمزور شروعات کے بعد آہستہ آہستہ ریکور کرتا نظر آرہا ہے۔ آج کے کاروبار کی شروعات گراوٹ کے ساتھ ہوئی لیکن جیسے جیسے وقت گزرتا گیا، مارکیٹ میں خریداری کا دباوقائم ہوتا نظر آنے لگا۔ اس کی وجہ سے سینسیکس اور نفٹی دونوں انڈیکس کی نقل و حرکت میں بہتری دیکھی گئی۔ کاروبار کے پہلے گھنٹے کے بعد، سینسیکس 0.16 فیصد اور نفٹی 0.08 فیصد کی کمزوری کے ساتھ کاروبار کر ر ہے تھے ۔
کاروبار کے ایک گھنٹے کے بعد اسٹاک مارکیٹ کے بڑے شیئروں میں مہندرا اینڈ مہندرا، ایچ ڈی ایف سی لائف، ٹائٹن کمپنی، بجاج آٹو اور بی پی سی ایل کے شیئرس 2.94 فیصد سے 1.26 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔ دوسری طرف، ٹیک مہندرا، ایچ ڈی ایف سی بینک، جیو فائنانشل، انفوسس اور گراسم انڈسٹریز کے شیئرس 1.01 فیصد سے 0.83 فیصد کی کمزوری کے ساتھ تجارت کرتے ہوئے نظر آئے۔
اب تک کے کاروبار میں اسٹاک مارکیٹ میں 1971 شیئروں میں ایکٹیو ٹریڈنگ ہو رہی تھی۔ ان میں سے 1122 شیئرس منافع کمانے کے بعد سبز رنگ میں جبکہ 849شیئرس خسارے کے بعد سرخ رنگ میں کاروبار کر رہے تھے ۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 شیئرس میں سے 18 شیئرس خریداری کی حمایت کے ساتھ سبز رنگ میں رہے۔ دوسری جانب فروخت کے دباو کے باعث 12 شیئرس کی قیمتوں میں تیزی رہی۔ جبکہ نفٹی میں شامل شیئروں میں سے 30شیئرس سبز نشان میں اور 21شیئرس سرخ نشان میں تجارت کرتے ہوئے دیکھے گئے۔
بی ایس ای سینسیکس آج 173.05 پوائنٹس کی کمزوری کے ساتھ 67665.58 پوائنٹس کی سطح پر کھلا۔ کاروبار شروع ہوتے ہی مارکیٹ کوفروخت کا جھٹکا لگا جس کی وجہ سے یہ انڈیکس پہلے 5 منٹ میں 286.60 پوائنٹس گر کر 67,552.03 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ لیکن اس کے بعد خریدار مارکیٹ میں سرگرم ہوگئے اور خریداری شروع کردی جس کی وجہ سے اس انڈیکس کی نقل و حرکت میں بہتری آنے لگی۔ بازار میں مسلسل خرید و فروخت کے درمیان کاروبار کے پہلے گھنٹے کے بعد صبح سوا دس بجے سینسیکس 105.27 پوائنٹس کی کمزوری کے ساتھ 67733.36 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
سینسیکس کی طرح، این ایس ای کے نفٹی نے آج کی تجارت 36.40 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 20,155.95 پوائنٹس کی سطح پر شروع کی۔ مارکیٹ کھلتے ہی فروخت کے دباو کی وجہ سے یہ انڈیکس تقریباً 70 پوائنٹ گر کر 20121.65 پوائنٹس کی چوٹی پر پہنچ گیا۔ لیکن اس کے بعد خریداری کے سہارے سے اس انڈیکس نے بھی ریکوری شروع کر دی۔ مارکیٹ میں مسلسل خرید و فروخت کے درمیان پہلے ایک گھنٹے کی تجارت کے بعد صبح سوا دس بجے نفٹی 15.55 پوائنٹس کی کمزوری کے ساتھ 20,176.80 کی سطح پرکاروبار کر رہا تھا۔
گھریلو شیئر مارکیٹ نے ملے جلے عالمی اشاروں کے درمیان آج پری اوپننگ سیشن میں کمی کے ساتھ کاروبار شروع کیا۔ اس سیشن میں، بی ایس ای سینسیکس 75.72 پوائنٹس یعنی 0.11 فیصد کی کمزوری کے ساتھ 67,762.91 پوائنٹس کی سطح پر تھا۔ وہیں نفٹی ابتدائی سیشن میں 62.30 پوائنٹس یعنی 0.31 فیصد کی کمی کے ساتھ 20,130.05 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔
اس سے پہلے، گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری دن جمعہ کو سینسیکس 319.63 پوائنٹس یعنی 0.47 فیصد مضبوط ہوکر 67,838.63 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔ وہیں نفٹی نے جمعہ کی تجارت 89.25 پوائنٹس یعنی 0.44 فیصد کے اضافے کے ساتھ 20192.35 پوائنٹس کی سطح پر ختم کی۔
ہندوستھان سماچار