حیدرآباد، 4 ۔ فروری(ہ س)۔
بی آرایس پارلیمانی پارٹی قائد ناما ناگیشور راؤ نے کہاکہ اڈانی کمپنیوں کے بحران کے مسئلہ پر پارلیمنٹ میں مباحث تک احتجاج جاری رہے گا۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ناما ناگیشور راؤ نے کہاکہ مرکزی حکومت کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔ اڈانی کمپنی کے معاملات پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی یا پھر سپریم کورٹ کے برسر خدمت جج کے ذریعہ تحقیقات کرائی جائیں۔ اپوزیشن کے ساتھ بی آر ایس ارکان نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں آج اپنا احتجاج جاری رکھا۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس مسئلہ پر مرکز کو چھوڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
ہنڈن برگ ادارہ نے اپنی رپورٹ میں جوانکشافات کئے ہیں اُس کے حقائق کا پتہ چلانے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ مرکزی حکومت اِس مالیاتی بحران کو چھپانے کی کوشش کررہی ہے۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں بی آر ایس نے مباحث کے لئے نوٹس دی تھی اور آئندہ دنوں میں بھی یہ نوٹس دی جائے گی۔ ناگیشور راؤ نے کہاکہ تمام ہم خیال اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ احتجاج کیا جارہا ہے کیوں کہ بحران کے نتیجہ میں ایل آئی سی اور کئی قومیائے ہوئے بینکس خسارے کا شکار ہوسکتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کو اِس مسئلہ پر اپنا موقف واضح کرنا چاہئے۔
ہندوستھان سماچار//محمد