جبلپور میں گدا بنانے کے کارخانہ میں لگی خوفناک آگ، زندہ جلیں ماں اور بیٹی
جبل پور،24 جنوری (ہ س)۔ ہنومانتال تھانہ علاقہ کے تحت مسلم اکثریتی مکہ نگر میں گدے بنانے والی فیکٹری
جبلپور میں گدا بنانے کے کارخانہ میں لگی خوفناک آگ، زندہ جلیں ماں اور بیٹی


جبل پور،24 جنوری (ہ س)۔

ہنومانتال تھانہ علاقہ کے تحت مسلم اکثریتی مکہ نگر میں گدے بنانے والی فیکٹری میں منگل کی صبح خوفناک آگ لگ گئی۔ اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔

اس حادثے میں ماں اور بیٹی کی زندہ جلنے سے موت ہو گئی۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے کچھ لوگوں کو بحفاظت باہر نکال لیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج کر معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق مکہ نگر ہنومانتال گلی نمبر سات میں اسلم منصوری کے مکان میں گدے بنانے کا کام کیا جاتا تھا۔ منگل کی صبح تقریباً 11 بجے یہاں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور کچھ ہی دیر میں آگ تیزی سے پھیل گئی اور پورے گھر کو اپنی زد میں لے لیا۔ اس کے بعد آس پاس کے لوگ موقع پر جمع ہوگئے اور اپنی سطح پر آگ بجھانے کی کوشش کی۔ میونسپل کارپوریشن کے فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی تین فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو فوری طور پر روانہ کیا گیا۔ اس کے بعد مزید دو گاڑیاں بھیجی گئیں اور پانچ فائر بریگیڈ کی مدد سے تقریباً دو گھنٹے میں آگ پر قابو پایا گیا۔ آگ لگنے کے وقت 25 سالہ نگینہ اور اس کی 6 سالہ بیٹی حنا گھر میں موجود تھیں۔ دونوں آگ کی زد میں آگئیں اور بری طرح جھلس گئیں۔دونوں کی جلنے سے موقع پر ہی موت ہوگئی۔

بتایا جارہا ہے کہ متوفیہ کے شوہر نے گھر کی پہلی منزل پر لحاف کے گدوں کی فیکٹری بنا رکھی تھی جس کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیل گئی اور پورا گھر شعلوں کی گرفت میں آگیا۔ راستہ تنگ ہونے کے باعث آگ پر قابو پانا مشکل ہوگیا۔ فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔ فی الحال پولیس معاملے کی جانچ میں مصروف ہے۔ گھر میں آگ کیسے لگی اس کی جانچ کی جا رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار//محمد


 rajesh pande