وزیر اعلی نے بھاگلپور اور کٹیہارضلع میں گنگا ندی سے ہورہے کٹاؤ کا فضائی سروے کیا
کٹیہار ضلع کے منیہاری بلاک کے باگھمارا گاؤں میں کٹاؤ کی جگہ کا زمینی معائنہ کیا، حکام کوضروری ہدایات
وزیر اعلی نے بھاگلپور اور کٹیہارضلع میں گنگا ندی سے ہورہے کٹاؤ کا فضائی سروے کیا


کٹیہار ضلع کے منیہاری بلاک کے باگھمارا گاؤں میں کٹاؤ کی جگہ کا زمینی معائنہ کیا، حکام کوضروری ہدایات

پٹنہ، 6 دسمبر(ہ س)۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج بھاگلپور اور کٹیہار ضلع میں گنگا ندی کے کٹاؤ سے متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کیا اور صورت حال کا قریب سے جائزہ لیا۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نے افسران کو ضروری ہدایات دیں۔

فضائی سروے کے دوران وزیر اعلیٰ نے بھاگلپور ضلع کے سبور بلاک کے انگلش فرکا، رنگرا چوک بلاک کے جھالوداس ،گیانی داس ٹولہ،جہانگیر پور بائسی اورکٹیہار ضلع کے امدا باد بلاک کے جھابو ٹولہ اور منیہاری بلاک کے باگھمارا گاؤں کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کٹیہار ضلع کے تحت امداباد سے کرسیلا تک ہونے والے کٹاؤ کے بارے میں تفصیلی جانکاری حاصل کی۔

وزیر اعلیٰ فضائی سروے کے دوران کٹیہار ضلع کے منیہاری بلاک کے باگھمارا میں ہیلی پیڈ پر اترے۔ اس کے بعد باگھمارا گاؤں میں گنگا ندی سے کٹاؤ کا زمینی معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ کوآبی وسائل محکمہ کے انجینئروں نے ڈرون کے ذریعہ لی گئی تصویر کی بنیاد پر کٹاؤ کی اصل صورتحال سے آگاہ کیا۔ سائٹ کے معائنے کے دوران وزیر اعلیٰ نے وہاں کے مقامی لوگوں اور حکام سے کٹاؤ کی وجوہات اور علاقوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری حاصل کی۔

وزیر اعلی نے باگھمارامیں زمینی معائنہ کے دوران افسران کو کئی ضروری ہدایات دیے۔ انہوں نے کہا کہ باگھمارہ میں گنگاندی کے کٹاؤ کو روکنے کے لیے تمام ضروری کارروائی کرائیں۔ آبی وسائل محکمہ منیہاری، باگھمارا میں گنگاندی کے کٹاؤ کا تفصیلی سروے کرائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ آبی وسائل کی ماہرٹیم تین دن کے اندر کٹاؤ سے متاثرہ علاقے کا معائنہ کرے اور صورتحال کا جائزہ لے کر اس کے بچاؤ کے لیے کام کرے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ محکمہ آبی وسائل کے سکریٹری کٹیہار کا کل ایک اعلیٰ سطحی تکنیکی ٹیم کے ساتھ دورہ کرکے کٹاؤ کو روکنے کے لیے روڈ میپ تیار کرائیں۔ وزیراعلیٰ نے کٹاؤ سے متاثرہ علاقے میں سول کٹنگ کے ساتھ ساتھ پرانی دھار کی صفائی کرانے کی بھی ہدایت دی۔

وزیر اعلیٰ نے مہانندا ندی کے پشتہ کے لئے تیزی سے کام کرانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ڈویژنل کمشنر پورنیہ کو زمین ایکوائر کے کام میں تیزی لانے کی بھی ہدایت دی۔

فضائی سروے اور زمینی معائنہ کے دوران آبی وسائل کے وزیر سنجے کمار جھا، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری دیپک کمار اور آبی وسائل کے محکمے کے سکریٹری سنجے کمار اگروال موجود تھے۔

ہندوستھان سماچار/ افضل/سلام


 rajesh pande