یوزویندر چہل کو ٹی۔ 20 ورلڈ کپ کے لیے ہندوستانی ٹیم میں جگہ نہ ملنے پر سہواگ نے اٹھائے سوال
نئی دہلی ، 28 ستمبر (ہ س)۔رائل چیلنجرس بنگلور (آر سی بی) کے لیگ اسپنر یوزویندر چہل انڈین پریمیئر لیگ
Sehwag raises questions on not selecting Yuzvendra in T-20 WC


نئی دہلی ، 28 ستمبر (ہ س)۔رائل چیلنجرس بنگلور (آر سی بی) کے لیگ اسپنر یوزویندر چہل انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2021 کے دوسرے ہاف میں مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ آئی پی ایل کے 14 ویں سیزن میں چہل نے اب تک 10 میچوں میں 27.77 کی اوسط سے نو وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس شاندار کارکردگی کے باوجود چہل کو آئندہ ٹی۔ 20 ورلڈ کپ کے لیے بھارتی ٹیم میں منتخب نہیں کیا گیا ہے۔اس کو لے کرہندوستانی ٹیم کے سابق اوپنر وریندر سہواگ نے ٹیم سلیکشن کے حوالے سے سوالات اٹھائے ہیں۔ سہواگ نے ٹی۔20 ورلڈ کپ اسکواڈ میں چہل کے منتخب نہ ہونے پر حیرت کا اظہار کیا۔

انہوں نے گزشتہ میچ میں بھی ممبئی انڈینس کے خلاف 11 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کی تھیں اور بنگلور کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ چہل واحدگیندباز ہیں جنہوں نے بنگلور کے لیے اب تک کے تمام میچوں میں وکٹیں حاصل کی ہیں۔

سہواگ نے کہا کہ چہل ہندوستان کی ٹی۔ 20 ٹیم کا اثاثہ ہیں اور سلیکٹرس کو اس کی وجہ بتانی چاہیے کہ انہیں ٹی۔ 20 ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کیوں نہیں کیا گیا۔ سہواگ نے کریک بز کو بتایا ،’چہل پہلے بھی اچھی بولنگ کر رہے تھے۔ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ پھر انہیں ہندوستانی ٹیم میں جگہ کیوں نہیں ملی۔ ایسا نہیں ہے کہ راہل چاہر نے سری لنکا کے دورے میں بہت اچھی بولنگ کی تھی۔ جس طرح چہل بولنگ کر رہے ہیں، وہ ٹی۔ 20 کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کی سب سے بڑی طاقت بن سکتے ہیں۔وہ جانتے ہیں کہ اس فارمیٹ میں بولنگ کیسے کرنا ہے اور وکٹیں کیسے لینی ہیں۔ ٹیم انڈیا کے سلیکٹرس کو وضاحت کرنی چاہیے کہ انہوں نے اس لیگ اسپنر کو ٹی۔ 20 ورلڈ کپ ٹیم میں موقع کیوں نہیں دیا‘۔

قابل ذکرہے کہ چیتن شرما کی سربراہی والی سینئر سلیکشن کمیٹی نے مسٹری اسپنرورون چکرورتی اور راہل چاہر کو ٹی۔ 20 ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ ان کے علاوہ روی چندرن اشون کو بھی ٹیم میں رکھا گیا ہے۔ اشون نے وائٹ بال کرکٹ سے اپنا آخری میچ 2017 میں کھیلاتھا۔

ہندوستھان سماچار


 rajesh pande