میلی جمنا،آلودہ فضا،ٹوٹی سڑکیں،غیر محفوظ د،دلی دیکھیے ایپ کے بجائے عوام کو درپیش مسائل حل کرنے پر توجہ دیں وزیر اعلیٰ :اے آئی ایم آئی ایم
نئی دہلی،28ستمبر(ہ س)۔ دہلی سرکار نے دلی دیکھیے ایپ جاری کرکے غریبوں کے زخموں پر نمک چھڑکا ہے،جہاں
کلیم الحفیظ


نئی دہلی،28ستمبر(ہ س)۔

دہلی سرکار نے دلی دیکھیے ایپ جاری کرکے غریبوں کے زخموں پر نمک چھڑکا ہے،جہاں جمنا میلی ہو،جو دلی خواتین پر جرائم کے معاملے میں پہلے نمبر پر ہو،جہاں کی مخدوش عمارتیں حادثوں کو دعوت دے رہی ہوں،جہاں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر ہوں ،جہاں ایک ممبر پارلیمنٹ کا گھر بھی محفوظ نہ ہو ایسی دلی دیکھنے کون آئے گا۔وہ دن گئے جب لوگ دلی دیکھنے آتے تھے اب مجبوری میں آتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار کل ہند مجلس اتحاد المسلمین دہلی کے صدر کلیم الحفیظنے آج سہ پہر ایسٹ دہلی کے نئی سیما پوری میں مجلس کے وارڈ آفس کا افتتاح کرنے کے بعد عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر مجلس نے کہا کہ جس دلی میں بے روزگاری میں اضافہ ہورہاہو،جہاں لوگوں کو دووقت کی روٹی کے لیے سو جتن کرنے پڑ رہے ہوں اس دلی کا مکھیا عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے سیرسپاٹے کا ایپ جاری کرکے تصویریں کھنچوانے میں مصروف ہے۔دوسری طرف بھارتی جنتا پارٹی شاہی عید گاہ میں رانی جھانسی کا مجسمہ قائم کرنے کی بات کہہ کرایک بار پھر دہلی کو دنگوں میں جھونکنا چاہتی ہے۔کلیم الحفیظ نے کہا کہ تینوں ایم سی ڈی پر قابض بی جے پی نے عوام کی فلاح و بہبود کا کوئی کام نہیں کیا ہے اس لیے اب وہ مذہب اور فرقہ پرستی کا کارڈ کھیل رہی ہے۔ہوسکتا ہے وہ الیکشن کے قریب آتے آتے دہلی کو فساد کی آگ میں جھونک دے۔موجودہ سرکاروں کے پاس تخریب کاری کے سوا کوئی تعمیری منصوبہ نہیں ہے۔اخبارات،ہورڈنگ،اشتہارات میں بڑے بڑے دعوے ہیں لیکن زمین کی حقیقت کچھ اور ہے۔صدر مجلس نے کہا کہ مجلس دہلی کے عوام کو زمینی حقائق سے آگاہ کرے گی اور عوام کا خون چوسنے والوں کو بے نقاب کرے گی۔آنے والے الیکشن میں دلت مسلم اتحاد نئی تاریخ رقم کرے گااور ایم سی ڈی میں وہ لوگ منتخب ہوکر آئیں گے جو پسماندہ طبقات کے سچے نمائندے ہوں گے۔تقریب میں مجلس کے دیگر ذمہ داروں میں سے جنرل سیکریٹری اورای ڈی ایم سی انچارج شاہ عالم، ،جوائنٹ سیکریٹری اصغر انصاری، افضل خان آفریدی،ساجد عرف بابی،سوشل اینڈ کلچرل ونگ کنوینر قاسم عثمانی،آئی ٹی انچارج معروف خان،ضلع صدرایڈوکیٹ سرتاج عالم،کے علاوہ مختلف اسمبلیوں اور وارڈ وں کے صدور اور مقامی لوگ بڑی تعدادمیں شریک تھے ۔مقامی ذمہ داران نے صدر مجلس کا گلپوشی کرکے استقبال کیا اس موقع پر درجنوں افراد نے مجلس کی رکنیت حاصل کی۔

ہندوستھان سماچاراویس/محمد


 rajesh pande