
نئی دہلی، 9 دسمبر (ہ س)۔ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی کو یوم پیدائش پر منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی سمیت ملک بھر کے کئی اہم رہنماوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مبارکباد دی۔ رہنماوں نے ان کی لمبی عوامی زندگی، ایثار، لگن، آئینی اقدار اور سماجی انصاف کے تئیں ان کے عزم کی ستائش کرتے ہوئے ان کی بہترین صحت اور درازی عمر کی تمنا کی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ایکس پر لکھا کہ سونیا گاندھی کی عمر دراز ہو اور وہ صحت مند رہیں۔
تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے کہا کہ سونیا گاندھی کی زندگی ایثار، بے لوث عوامی خدمت اور سیکولرزم نیز آئینی اقدار کے تحفظ کے عزم کی علامت ہے۔ ان کی رہنمائی ملک کی ترقی پسند اور ہمہ گیر سیاست کو مضبوط بناتی رہے۔
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے انہیں سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی زندگی میں خوشی، صحت اور پیار کی تمنا کی۔
راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے سونیا گاندھی کو ہندوستانی سیاست میں ایثار اور لگن کا پیکر بتاتے ہوئے کہا کہ ملک کے تنوع، آئینی اقدار اور سماجی انصاف کے تحفظ کے تئیں ان کا اٹوٹ عزم سبھی کے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے ان کی لمبی عمر، صحت مند اور خوشحال زندگی کی دعا کی۔
راجستھان کے سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ نے کہا کہ سونیا گاندھی نے ایثار، لگن اور خدمت کے جذبے سے قومی مفاد میں کئی فیصلے کیے، جن سے بے شمار لوگوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی آئی۔ انہوں نے ان کے لیے صحت، توانائی اور خوشیوں سے بھرپور سال کی تمنا کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن