
ایڈیلیڈ، 9 دسمبر (ہ س)۔ آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کی تقریباً 5 مہینے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی طے مانی جا رہی ہے۔ وہ انگلینڈ کے خلاف ہونے والے تیسرے ایشیز ٹیسٹ میں ٹیم کی کپتانی کرتے نظر آئیں گے۔ حالانکہ، آسٹریلیا کو بڑا جھٹکا لگا ہے کیونکہ تیز گیند باز جوش ہیزل ووڈ پوری ایشیز سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
ٹیم کے ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونالڈ نے منگل کو اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہیزل ووڈ اب اس گرمی میں انگلینڈ کے خلاف نہیں کھیل پائیں گے۔ گزشتہ مہینے شیفیلڈ شیلڈ کے دوران انہیں ہیمسٹرنگ میں کھنچاو آیا تھا اور اس کے بعد گزشتہ ہفتے ان کے اچیلز میں بھی مسئلہ ابھر آیا، جس سے ان کی واپسی کی امیدیں ختم ہو گئیں۔
میکڈونالڈ نے کہا، ”ان کے لیے یہ بے حد مایوس کن ہے۔ کچھ ایسے جھٹکے لگے جن کی ہمیں امید نہیں تھی۔ ہمیں لگا تھا کہ وہ اس سیریز میں اہم کردار نبھائیں گے، لیکن بدقسمتی سے اب انہیں یہ موقع نہیں مل پائے گا۔“
ہیزل ووڈ اب فروری میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کو ہدف بنا کر پوری طرح فٹ ہونے کی کوشش کریں گے۔
دوسری طرف، پیٹ کمنز کے لیے سب کچھ منصوبے کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے۔ انہیں بدھ کو اعلان ہونے والی 15 رکنی ٹیم میں شامل کیے جانے کا پورا امکان ہے اور وہ ایک بار پھر اسٹیو اسمتھ سے کپتانی کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ کمنز نے جولائی میں ویسٹ انڈیز دورے کے دوران پیٹھ میں درد محسوس کرنے کے بعد سے کوئی مقابلہ نہیں کھیلا ہے، لیکن ان کی ”ریکوری“ امید سے تیز رہی ہے۔
میکڈونالڈ نے بتایا کہ کمنز نے برسبین ٹیسٹ سے پہلے ایلن بارڈر فیلڈ پر کئی اسپیل ڈال کر میچ جیسے حالات کی پریکٹس کی۔ انہوں نے کہا، ”ہم نے پہلے بھی لمبے بریک کے بعد پیٹ کو اسی طرح تیار کیا ہے۔ ان کی فٹنس اور اسکل دونوں تیار ہیں۔ اگر اگلے ایک ہفتے میں کچھ انہونی نہیں ہوتی، تو میں پوری امید کرتا ہوں کہ پیٹ ایڈیلیڈ میں ٹاس کرتے نظر آئیں گے۔“
ٹیم کو راحت کی بات یہ بھی ہے کہ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز مچل اسٹارک، جو اب تک 2 ٹیسٹ میں 18 وکٹ لے کر سیریز کے سب سے کامیاب گیند باز ہیں، فٹ ہیں۔ حالانکہ برسبین ٹیسٹ کے دوران انہیں بائیں جانب تھوڑی پریشانی تھی، لیکن کوچ نے واضح کیا کہ وہ ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے لیے پوری طرح دستیاب رہیں گے۔
آسٹریلیائی ٹیم مینجمنٹ آخری 3 ٹیسٹ میں تیز گیند بازوں کے ورک لوڈ کو لے کر محتاط ہے۔ ایڈیلیڈ سے میلبورن اور پھر سڈنی کے درمیان 4-4 دن کے چھوٹے وقفے کو دیکھتے ہوئے کچھ گیند بازوں کو آرام دیا جا سکتا ہے۔ اس وجہ سے مائیکل نیسر، اسکاٹ بولینڈ اور برینڈن ڈوگیٹ میں سے 2 کھلاڑی ایڈیلیڈ ٹیسٹ سے باہر ہو سکتے ہیں، جس سے آگے کے مقابلوں کے لیے اٹیک کو تازہ دم رکھا جا سکے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ایشیز سیریز کا تیسرا ٹیسٹ 17 سے 21 دسمبر تک ایڈیلیڈ اوول میں کھیلا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن