
جموں, 9 دسمبر (ہ س)ڈوڈہ پولیس نے بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کرتے ہوئے مدرسہ دارالقرآن گوئلا، گندوہ میں کم عمر بچی سے مبینہ زیادتی کے سنگین معاملے میں ملوث مدرسہ ٹیچر ناصر مجید ولد عبدالمجید سکنہ چالر، تحصیل چلی پنگل کو شکایت ملنے کے محض تین گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے ایف آئی آر نمبر 119/2025 متعلقہ دفعاتِ بی این ایس اور پوکسو ایکٹ کے تحت درج کی اور ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کر دیں۔
ایس ایس پی ڈوڈہ سندیپ مہتا کی ہدایت پر آئی سی پی پی کاہراہ کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جسے ایس ڈی پی او گندوہ اور ایس ایچ او گندوہ کی نگرانی حاصل تھی۔ ٹیم نے پیشہ ورانہ انداز میں تفتیش آگے بڑھائی، اہم سراغ مرتب کیے اور ملزم کی تلاش کے لیے فوری طور پر خصوصی سرچ آپریشن شروع کیا، جو جرم کے بعد روپوش ہو گیا تھا۔
پولیس کی بروقت انٹیلیجنس، مربوط حکمتِ عملی اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں ملزم کو تلاش کر کے گرفتار کر لیا گیا۔ متاثرہ بچی کا طبی معائنہ جی ایم سی ڈوڈہ میں مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ دیگر ضروری قانونی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔
مقامی لوگوں نے ڈوڈہ پولیس کی اس فوری اور موثر کارروائی کی تعریف کرتے ہوئے اسے عوامی تحفظ کے لیے پولیس کی سنجیدگی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا مظہر قرار دیا ہے۔ پولیس نے یقین دلایا ہے کہ کیس کی تفتیش قانون کے مطابق مکمل شفافیت کے ساتھ جاری رہے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر