
جموں, 9 دسمبر (ہ س)۔ جموں کے چنّور علاقے میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک تیز رفتار کار مرکزی دروازہ توڑتے ہوئے ایک رہائشی گھر کے صحن میں گھس گئی، جس کے نتیجے میں دیوار، ایک اسکوٹی اور دیگر سامان کو نقصان پہنچا۔ جس مکان میں کار داخل ہوئی وہ جموں و کشمیر پولیس میں تعینات ایک ایس ایس پی کے سسر کا گھر بتایا جا رہا ہے۔
حادثے کے بعد گاڑی میں سوار نوجوان موقع سے فرار ہوگئے، تاہم کچھ دیر بعد گاڑی واپس لینے کے لیے دوبارہ آئے تو گھر کے افراد اور مقامی لوگوں نے انہیں روک لیا۔ اس دوران نوجوانوں نے اشتعال میں آکر ہاتھا پائی شروع کر دی، جس سے موقع پر ہنگامہ برپا ہوگیا۔
اطلاع ملنے پر دو مانہ پولیس موقع پر پہنچی اور صورتحال قابو میں کرکے چار نوجوانوں ، وِمرش راج سکنہ کشتواڑ، انکیت شان سکنہ راجندر نگر، آرش کوتوال سکنہ پلّوڑہ اور دانش کوتوال سکنہ چنّور کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مارپیٹ، املاک کو نقصان پہنچانے اور موقع سے فرار ہونے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر