
بھوپال، 09 دسمبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں سردی ستم ڈھا رہی ہے۔ شمالی ہندوستان کی ریاستوں کی برفیلی پہاڑیوں سے آ رہی سرد ہواوں نے پوری ریاست کو شدید سردی کی زد میں لے رکھا ہے۔ جس کے اثر سے مدھیہ پردیش گزشتہ کئی دنوں سے شدید سرد لہر کی زد میں ہے۔ پیر کو ریاست میں سب سے کم سے کم درجہ حرارت شہڈول کے کلیان پور میں 4.2 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 3 دنوں تک ریاست کے کئی اضلاع میں ”کولڈ ویو“ یعنی سرد لہر کا اثر بنا رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے بھوپال، اندور، راج گڑھ، ودیشا، سیہور، شاجاپور، جبل پور، سیونی اور شہڈول کے لیے ”کولڈ ویو الرٹ“، جبکہ نرسنگھ پور میں ”کولڈ ڈے“ کی وارننگ جاری کی ہے۔ حالات ایسے ہیں کہ کم از کم درجہ حرارت 5 ڈگری سیلسیس سے بھی نیچے پہنچ سکتا ہے۔
دن میں بھوپال، اندور سمیت کئی شہروں میں کولڈ ویو کا اثر ہے۔ بھوپال میں گزشتہ 4 دن سے سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔ موسم سائنسدانوں کے مطابق، فی الحال ایک ویسٹرن ڈسٹربنس شمالی پاکستان کے وسط میں ٹرف کی شکل میں سرگرم ہے۔ اس کے علاوہ شمال مشرقی ہندوستان کے اوپر 12.6 کلومیٹر کی اونچائی پر 213 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ”سب ٹراپیکل ویسٹرلی جیٹ اسٹریم“ ہوائیں بہہ رہی ہیں۔ موسم مرکز کا کہنا ہے کہ اگلے 4 دنوں تک ریاست کا موسم اسی طرح رہے گا۔ کم از کم درجہ حرارت میں اور گراوٹ کا امکان ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں کوئی خاص تبدیلی نہیں ہوگی۔ موسم سائنسداں دیویا ای سریندرن نے بتایا کہ سردی بڑھنے کی اہم وجہ ایک ویسٹرن ڈسٹربنس ہے، جو بالائی سائیکلون گردش کی شکل میں شمالی پاکستان اور اس کے قریبی علاقوں میں سطح سمندر سے 3.1 کلومیٹر کی اونچائی پر رکا ہوا ہے۔ ساتھ ہی، 13 دسمبر سے ایک نیا کمزور ویسٹرن ڈسٹربنس مغربی ہمالیائی خطے کو متاثر کر سکتا ہے۔ اس کے اثر سے ہواوں کا رخ بدلنے پر درجہ حرارت میں ہلکا اضافہ ہو سکتا ہے، لیکن 11 دسمبر تک زیادہ تر اضلاع میں ٹھٹھرن جاری رہنے کے آثار ہیں۔
بھوپال، اندور، راج گڑھ، ودیشا، سیہور، شاجاپور، جبل پور، سیونی، شہڈول میں منگل کو کولڈ ویو اور نرسنگھ پور میں کولڈ ڈے کا اثر رہے گا۔ وہیں، کئی شہروں میں پارہ 5 ڈگری سیلسیس سے نیچے جا سکتا ہے۔ پیر کو شہڈول کا کلیان پور سب سے سرد رہا۔ یہاں درجہ حرارت 4.2 ڈگری درج کیا گیا۔ ریاست کے واحد ہل اسٹیشن پچمڑھی میں درجہ حرارت 5.2 ڈگری رہا۔ امریا میں 5.6 ڈگری، راج گڑھ میں 6 ڈگری، نوگاؤں میں 6.5 ڈگری، رائسین میں 7 ڈگری، کھجوراہو میں 7.4 ڈگری، ریوا میں 7.5 ڈگری، ملاج کھنڈ میں 7.8 ڈگری، منڈلا میں 7.9 ڈگری درجہ حرارت رہا۔ اسی طرح شیوپوری میں 8 ڈگری، بیتول-ستنا میں 8.2 ڈگری، دموہ میں 8.6 ڈگری، نرسنگھ پور میں 9 ڈگری، چھندواڑہ میں 9.2 ڈگری، کھنڈوا-سیدھی میں 9.4 ڈگری اور گنا میں پارہ 9.8 ڈگری سیلسیس پہنچ گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن