
جموں،9 دسمبر (ہ س)۔
جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری اتل ڈولو نے آج ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں جموں و کشمیر کے ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن (ایچ اینڈ ایم ای) ڈیپارٹمنٹ کے تحت سرکاری میڈیکل کالجوں، ڈینٹل کالجوں، آیورویدک اور یونانی کالجوں میں انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ نشستوں میں اضافے کا جامع جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سکریٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، ڈائریکٹر اسکمز، سرکاری میڈیکل کالجوں کے پرنسپل، ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن اور محکمہ کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران چیف سکریٹری نے گزشتہ تعلیمی سال کے دوران بڑھائی گئی ایم ڈی/ایم ایس، ڈی ایم/ایم سی ایچ، ڈی این بی اور ایم ڈی ایس نشستوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور آئندہ تعلیمی سیشن کے لیے کالجوں کی جانب سے تیار کیے گئے روڈ میپ پر پیش رفت کا معائنہ کیا۔ انہوں نے یو ٹی میں سپر اسپیشیلٹی ہیلتھ کیئر کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے دونوں سپر اسپیشیلٹی اسپتالوں اور اسکمز میڈیکل کالج کو ہدایت دی کہ اگلے تعلیمی سیشن سے ڈی ایم اور ایم سی ایچ نشستوں کی الاٹمنٹ یقینی بنائیں۔ چیف سکریٹری نے مختلف میڈیکل کالجوں کو منظور شدہ اضافی ایم بی بی ایس نشستوں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت دی کہ جن اداروں نے ابھی تک درخواست نہیں دی وہ این ایم سی پورٹل کھلتے ہی اضافی 50 نشستوں کے لیے درخواست جمع کریں۔ انہوں نے بتایا کہ پورٹل کھلتے ہی کالج وائز جائزہ لیا جائے گا تاکہ پیش رفت پر قریبی نظر رکھی جا سکے اور بروقت درخواستیں یقینی بنائی جائیں۔
مزید برآں، چیف سکریٹری نے جموں اور سرینگر کے سرکاری ڈینٹل کالجوں کے پرنسپل صاحبان کو نئے ایم ڈی ایس کورسز شروع کرنے اور نشستوں میں اضافہ کرنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے آیورویدک اور یونانی کالجوں کو بھی اپنی نشستوں میں اضافے کے لیے سرگرمی سے کام کرنے پر زور دیا۔ سکریٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر سید عابد راشد شاہ نے اجلاس کو بتایا کہ یو جی اور پی جی نشستوں میں اضافے کے لیے ہر میڈیکل ادارے نے ایک نوڈل آفیسر نامزد کیا ہے تاکہ این ایم سی ضوابط کی مکمل تعمیل اور ضروری کارروائی کی بروقت تکمیل ممکن ہو سکے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تعلیمی سال میں جموں و کشمیر کے میڈیکل کالجوں میں 128 ایم ڈی/ایم ایس، 46 ڈی این بی اور 2 ڈی ایم/ایم سی ایچ نشستوں میں اضافہ کیا گیا، جبکہ 2026–27 سیشن کے لیے 284 ایم ڈی/ایم ایس، 35 ڈی این بی اور 36 ڈی ایم/ایم سی ایچ نشستیں بڑھانے کی تجویز ہے۔ ایم بی بی ایس نشستوں کے حوالے سے سکریٹری نے بتایا کہ جی ایم سی اننت ناگ، بارہمولہ، راجوری اور ڈوڈہ کے لیے 50 اضافی نشستیں منظور کی گئیں، جبکہ جی ایم سی سرینگر اور جی ایم سی جموں کے لیے 20، 20 اضافی نشستیں بڑھائی گئیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جی ایم سی ادھمپور، راجوری، ہندواڑہ اور اسکمز بمنہ آئندہ سیشن میں اضافی 50 نشستوں کے لیے درخواست دینے کی تیاری کر رہے ہیں۔ڈائریکٹر اسکمز ڈاکٹر محمد اشرف گنائی نے ادارے کی تیاریوں سے اجلاس کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اسکمز آئندہ این ایم سی اپلیکیشن وِنڈو میں تقریباً 130 پی جی اور 50 یو جی نشستوں کے لیے درخواست جمع کرانے کا ارادہ رکھتا ہے، اور ادارہ تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ اسی طرح مختلف میڈیکل کالجوں کے پرنسپل صاحبان نے بھی اپنی اپنی نشستوں میں اضافے کے منصوبے پیش کیے اور یقین دہانی کرائی کہ این ایم سی پورٹل کھلتے ہی درخواستیں فوری طور پر جمع کر دی جائیں گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر