
نئی دہلی، 09 دسمبر (ہ س)۔ جنوب مغربی ضلع کے آر کے پورم تھانہ پولیس نے 14 دن کی مسلسل جانچ کے بعد ایک ہٹ اینڈ رن معاملے کا انکشاف کر کے ملزم ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس دردناک حادثے میں 5 خاتون سواریاں شدید طور پر زخمی ہوئی تھیں، جن میں سے دو اب بھی آئی سی یو میں زندگی کی جنگ لڑ رہی ہیں۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے واقعے میں استعمال شدہ ماروتی گرینڈ وٹارا کار بھی ضبط کر لی ہے۔
جنوب مغربی ضلع کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس امت گوئل نے منگل کو بتایا کہ 23 نومبر کی علی الصبح تقریباً 4.52 بجے پولیس کو اطلاع ملی کہ بھیکاجی کاما پلیس واقع ہنومان مندر کے سامنے ایک نامعلوم گاڑی نے ماروتی ایکو کار کو زوردار ٹکر مار دی ہے۔ پولیس موقع پر پہنچی تو ایکو کار بری طرح تباہ تھی۔ زخمیوں کو فوراً صفدر جنگ اسپتال پہنچایا گیا۔ زخمی خواتین کی شناخت شالیمار باغ اور پریتم پورہ رہائشی 58 سے 63 سال کی عمر کی 5 خواتین کے طور پر ہوئی۔ 2 کی حالت ابھی بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ایکو کار کے ڈرائیور کے بیان پر آر کے پورم تھانے میں معاملہ درج کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس نے بتایا کہ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے انسپکٹر روندر تیاگی کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ شروعات میں ایمس والے روٹ کی جانچ کی گئی، لیکن کوئی سراغ نہیں ملا۔ اس کے بعد ٹیم نے واقعہ کے وقت کے آس پاس کی فوٹیج دوبارہ کھنگالی تو ایک گرینڈ وٹارا کار دکھائی دی، جس کا داہنا ہیڈ لائٹ حادثے کی وجہ سے خراب تھا۔
رات کے وقت روشنی کم ہونے کی وجہ سے نمبر پلیٹ پڑھنا مشکل تھا، لیکن ٹیم گاڑی کی تباہ شدہ دائیں جانب کو بنیاد بنا کر اس کے ممکنہ راستوں کی جانچ کرتی رہی۔ فوٹیج میں کار کو افریقہ ایونیو، حوض خاص، آئی آئی ٹی فلائی اوور، لاڈو سرائے اور آخر میں ساکیت کی طرف جاتے دیکھا گیا۔
ساکیت کے جے-بلاک میں تفتیش کے دوران ایک رہائشی نے بتایا کہ اس دن علی الصبح ایک تباہ شدہ گاڑی ان کے پڑوسی دنیش کمار سنکالا کے گھر میں آتے دیکھی گئی تھی۔ پوچھ گچھ میں انہوں نے بتایا کہ کار ان کے بیٹے چانکیہ سنکالا (30) کے پاس تھی۔ پولیس نے چانکیہ سے پوچھ گچھ کی تو اس نے حادثہ کرنا تسلیم کر لیا۔ اس نے بتایا کہ سروجنی نگر کے پاس پالیکا بھون واقع ایک ریستوراں سے لوٹتے وقت اس نے تیز رفتار میں ایکو کار کو ٹکر مار دی اور پکڑے جانے کے ڈر سے کار کو رم پر ہی تقریباً 10 کلومیٹر چلا کر ساکیت واقع اپنے گھر لے آیا۔ بعد میں اس نے کار کو 25 نومبر کو اوکھلا واقع ورک شاپ میں مرمت کے لیے بھیج دیا تھا۔
ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے اوکھلا فیز-1 واقع سروس سینٹر سے گرینڈ وٹارا کار برآمد کر لی۔ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے اور آگے کی تفتیش جاری ہے۔ پولیس افسر کے مطابق پکڑا گیا چانکیہ سنکالا دہلی میں اپنے والدین و بہن کے ساتھ رہتا ہے۔ مارکیٹنگ میں پوسٹ گریجویٹ ہے اور گزشتہ 3 سال سے گارمنٹ مارکیٹنگ میں کام کر رہا ہے۔ اس کے خلاف سابقہ کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ملا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن