
ایس ٹی ایس اسکول میں سڑک کی حفاظت سے متعلق آگاہی پروگرام منعقد
علی گڑھ، 14 نومبر (ہ س)۔ سید نا طاہر سیف الدین اسکول (منٹو سرکل) میں پروجیکٹ امید ویلفیئر فاؤنڈیشن کے اشتراک سے سڑک کی حفاظت کے موضوع پر بیداری پروگرام منعقد کیا گیا، جس کا مقصد طلبہ میں محفوظ سفری رویّوں اور ذمہ دار شہری ہونے کے احساس کو فروغ دینا تھا۔
ٹریفک انسپکٹر کملیش کمار اور وِنے شکلا نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی اور سڑک پر ہوشیاری ہر شہری کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کی جان بچانے والی اہمیت پر زور دیا۔ سب انسپکٹر وجے پال سنگھ نے کہا کہ سڑک کی حفاظت اداروں کے ساتھ ساتھ شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
پروجیکٹ امید ویلفیئر فاؤنڈیشن کے نائب صدر، ایڈوکیٹ ندیم انجم نے طلبہ کو سڑک کے نظم و ضبط کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنانے اور سماجی ذمہ داری قبول کرنے کی ترغیب دی۔
اسکول پرنسپل فیصل نفیس نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام طلبہ میں بیداری اور معاشرتی نظم و ضبط کو فروغ دیتے ہیں۔ پروگرام کی نظامت کوآرڈی نیٹر نور الزماں ارشد اور غزالہ تنویر نے انجام دی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ