
شمالی ریلوے نے جموں ریلوے اسٹیشن پر تلاشی مہم چلائی
جموں، 14 نومبر (ہ س)۔ ناردرن ریلوے نے جموں ریلوے اسٹیشن پر سیکورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے ایک خصوصی جانچ مہم (اسپیشل سکیورٹی ڈرائیو) شروع کی۔ یہ کارروائی دہلی کے لال قلعہ کے نزدیک ایک سست رفتاری سے چلتی گاڑی میں ہونے والے شدید دھماکے کے بعد کی گئی، جس میں 13 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
سینئر ڈویژنل کمرشل مینیجر، جموں ڈویژن، اُچت سنگھل کے مطابق ناردرن ریلوے اپنے ڈویژن کے مختلف اسٹیشنوں پر مسافروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے وقتاً فوقتاً خصوصی سیکورٹی مہمات چلاتی ہے۔ اُن کے مطابق یہ ڈرائیو ریلوے پروٹیکشن فورس گورنمنٹ ریلوے پولیس ، ڈاگ اسکواڈ اور کمرشل ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں کی مشترکہ نگرانی میں انجام دی گئی۔
اس دوران جموں ریلوے اسٹیشن اور اس سے ملحقہ تمام مقامات کی باریک بینی سے جانچ کی گئی۔ مسافروں کے سامان، پلیٹ فارمز اور آنے جانے والی ٹرینوں کی میٹل ڈیٹیکٹر اور ڈاگ اسکواڈ کی مدد سے تلاشی لی گئی، جبکہ ویٹنگ روم، ریزرویشن کاؤنٹرز، بُکنگ آفس اور پارسل آفس کا بھی تفصیلی معائنہ کیا گیا۔
مہم کے دوران مسافروں کو سیکورٹی سے متعلق رہنمائی فراہم کی گئی۔ اُچت سنگھل نے کہا کہ اس خصوصی کارروائی کا بنیادی مقصد اسٹیشن پر ریلوے ٹریفک کو معمول کے مطابق جاری رکھنا اور کسی بھی قسم کی پریشانی کے بغیر مسافروں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جموں ریلوے اسٹیشن کے تمام عملے کو ڈیوٹی کے دوران خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جبکہ مسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سفر کے دوران چوکس رہیں، کسی بھی مشکوک شے کو ہاتھ نہ لگائیں، اور فوراً سیکورٹی اہلکاروں کو مطلع کریں یا ریلوے ہیلپ لائن نمبر 139 یا 182 پر رابطہ کریں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر