
نئی دہلی، 14 نومبر (ہ س)۔
سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے انٹرپول کی مدد سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے اتراکھنڈ کے ایک مطلوب ملزم جگدیش پونیٹھا کی حوالگی کرائی ہے ۔ پونیٹھا کو جمعرات کو نئی دہلی لایا گیا ۔
ایجنسی کے مطابق، پونےٹھا کے خلاف 2021 میں پتھورا گڑھ پولیس اسٹیشن میں ایک ایف آئی آر درج کی گئی تھی، جس میں اس پر دھوکہ دہی اور مجرمانہ سازش کا الزام لگایا گیا تھا۔ واقعہ کے بعد وہ متحدہ عرب امارات فرار ہو گیا تھا۔ اتراکھنڈ پولیس کی درخواست پر سی بی آئی نے اس سال 6 مئی کو ان کے خلاف انٹرپول ریڈ نوٹس جاری کیا۔اتراکھنڈ پولیس کی ٹیم 13 نومبر کو ملزم کے ساتھ متحدہ عرب امارات سے نئی دہلی پہنچی۔
قابل ذکر ہے کہ سی بی آئی، ہندوستان میں انٹرپول کے نیشنل سینٹرل بیورو (این سی بی) کے طور پر، بھرتپول پلیٹ فارم کے ذریعے عالمی ایجنسیوں کے ساتھ رابطہ کرتی ہے۔ انٹرپول کے مختلف چینلز کی مدد سے گزشتہ چند سالوں میں 150 سے زائد مطلوب مجرموں کی حوالگی عمل میں آ چکی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ