
۔ کانگریس چوتھے اور بی جے پی پانچویں نمبر پر رہی، امرت پال کی پارٹی نے اکالی دل کو نقصان پہنچایا
چنڈی گڑھ، 14 نومبر (ہ س)۔ حکمراں عام آدمی پارٹی ( آپ) نے پنجاب میں ترن تارن اسمبلی ضمنی انتخاب میں ایک بار پھر کامیابی حاصل کی ہے۔ آپ کے ہرمیت سنگھ سندھو نے شرومنی اکالی دل (ایس اے ڈی ) کی سکھویندر کور کو 12,091 ووٹوں سے شکست دی۔ اس سیٹ پر کانگریس چوتھے اور بی جے پی پانچویں نمبر پر رہی۔
ترن تارن سیٹ پہلے عام آدمی پارٹی کے پاس تھی۔ عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی کشمیر سنگھ سوہل کی موت کے بعد یہاں ضمنی انتخاب ہوئے ہیں۔ 11 نومبر کو ترن تارن میں ہوئی پولنگ میں60.95 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ ریاستی الیکشن کمیشن کے مطابق عام آدمی پارٹی کے ہرمیت سنگھ سندھو کو کل 42,649 ووٹ ملے۔ شرومنی اکالی دل (ایس اے ڈی) کی سکھویندر کور 30,558 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں۔ چوتھی بار سیٹ جیتنے والے ہرمیت سنگھ سندھو نے اکالی دل کی امیدوار کو 12,091 ووٹوں سے شکست دی۔
اس سیٹ پر تیسرے نمبر پر شدت پسند ایم پی امرت پال سنگھ کی پارٹی اکالی دل وارث پنجاب کے امیدوار مندیپ سنگھ خالصہ تھے، جنہوں نے 19,620 ووٹ حاصل کیے۔ کانگریس امیدوار کرنبیر سنگھ 15,078 ووٹوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے جبکہ بی جے پی کے ہرجیت سنگھ سندھو 6,239 ووٹوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے۔
ترن تارن سیٹ پر جیت کے بعد، آپ کے پنجاب انچارج منیش سسودیا نے کہا، ”پنجاب کے لوگوں نے اس ضمنی انتخاب میں اکالی دل، کانگریس اور بی جے پی کو مسترد کر دیا ہے۔ کانگریس کے رہنماوں نے جس طرح سے دلتوں کی توہین کی ہے، اس طرح یہاں کے لوگوں نے کانگریس لیڈروں کو سبق سکھایا ہے ۔“
آپ سپریمو اور دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ترن تارن ضمنی انتخاب میں یہ تاریخی جیت یہ واضح کرتی ہے کہ پنجاب کے لوگ کام کی سیاست اور بھگونت مان کی ایماندارانہ قیادت کو ترجیح دیتے ہیں۔ پنجاب نے ایک بار پھر آپ پر اعتماد ظاہر کیا ہے۔ یہ جیت عوام کی جیت ہے، ہر محنتی کارکن کی جیت ہے۔ اہل پنجاب اور تمام کارکنان کو بہت بہت مبارک ہو۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد