پروفیسر ذکی انور صدیقی نیشنل اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز کے فیلو منتخب
علی گڑھ, 12 نومبر (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ نباتیات کے پروفیسر ذکی انور صدیقی کو نیشنل اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز، انڈیا کا فیلو منتخب کیا گیا ہے، جو ملک کے باوقار سائنسی اعزازات میں سے ایک ہے، اور زرعی تحقیق، تعلیم اور اختراعات میں نمای
پروفیسر ذکی انور


علی گڑھ, 12 نومبر (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ نباتیات کے پروفیسر ذکی انور صدیقی کو نیشنل اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز، انڈیا کا فیلو منتخب کیا گیا ہے، جو ملک کے باوقار سائنسی اعزازات میں سے ایک ہے، اور زرعی تحقیق، تعلیم اور اختراعات میں نمایاں خدمات کے اعتراف کے طور پر یہ اعزاز دیا جاتا ہے۔

پروفیسر صدیقی پلانٹ نماٹوڈ، فنگس اور بیکٹیریا کے پیچیدہ تعلقات پر اہم تحقیق کرچکے ہیں اور مختلف زرعی نظاموں میں پائیدار اور ماحولیات دوست حیاتیاتی کنٹرول حکمت عملیوں کی تیاری کے سلسلہ میں ان کی تحقیق کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔

پروفیسر صدیقی کا اے ایم یو سے تعلق 1979 میں بطور طالب علم شروع ہوا۔ انہوں نے اسی یونیورسٹی سے بی ایس سی، ایم ایس سی، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کیں، اور 1996 میں شعبہ نباتیات میں لیکچرر مقرر ہوئے۔ وہ 2012 میں پروفیسر کے عہدے پر فائز ہوئے۔ اس سے قبل وہ 1992 تا 1995 سی ایس آئی آر ریسرچ ایسوسی ایٹ اور 2007 تا 2008 جاپان کی کیوٹو یونیورسٹی میں وزیٹنگ پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، جہاں انہوں نے امراضِ نباتات پر تحقیق کی۔

پینتیس سال سے زائد عرصے پر محیط اپنے شاندار علمی و تحقیقی کریئر میں پروفیسر صدیقی نے 167 سے زیادہ تحقیقی مقالات تحریر کیے ہیں، اسپرنگر (نیدر لینڈ) سے شائع ہونے والی دو کتابیں مدوّن کی ہیں، اور ڈی ایس ٹی اور یو جی سی (نئی دہلی) کے مالی تعاون سے کئی بڑے تحقیقی منصوبے مکمل کئے ہیں۔ وہ انڈین بوٹینیکل سوسائٹی اور انڈین فائیٹوپیتھولوجیکل سوسائٹی کے فیلو بھی ہیں۔

انہوں نے 11 پی ایچ ڈی اسکالرز اور 30 سے زائد ایم ایس سی طلبہ کی رہنمائی کی ہے۔ وہ آسٹریلیا، اسپین، جاپان اور لاطینی امریکہ سمیت مختلف ممالک میں خطبات دے چکے ہیں۔ اے ایم یو میں وہ 2019 تا 2025 لینڈ اینڈ گارڈنز شعبہ کے ممبر انچارج، اور 2009 تا 2012 اسسٹنٹ ڈین، اسٹوڈنٹس ویلفیئر رہ چکے ہیں۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande