
گبرون (بوتسوانا)، 12 نومبر (ہ س): صدرجمہوریہ دروپدی مرمو افریقہ کے اپنے دو ملکوں کے دورے کے آخری مرحلے میں بوتسوانا پہنچ گئی ہیں۔ بوتسوانا کے صدر ڈوما گیڈون بوکو نے سر سیرتسے کھاما بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
راشٹرپتی بھون نے ایکس پوسٹ پر لکھا، صدر دروپدی مرمو اپنے دو ملکوں کے افریقہ کے دورے کے آخری مرحلے میں بوٹسوانا کے گبرون کے سر سیرتسے کھاما بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتریں۔ یہ کسی ہندوستانی سربراہ مملکت کا بوٹسوانا کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ اس سے قبل، صدر مرمو انگولا میں اپنی مصروفیات کو ختم کرنے کے بعد بوتسوانا کے لیے روانہ ہو گئیں، انکے دورے کا پہلا مرحلہ 8 سے 11 نومبر تک تھا۔ انھوں نے یہ دورہ اپنے انگولا کے ہم منصب جوآؤ لارینسو کی دعوت پر کیا۔
صدرجمہوریہ مرمو بوتسوانا کے اپنے ہم منصب کی دعوت پر پہنچی ہیں۔ ان کی مصروفیات 13 نومبر تک طے شدہ ہیں۔ یہ دورہ ہندوستان-بوتسوانا تعلقات میں ایک سنگ میل ہے۔ بوتسوانا میں، دونوں فریق تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، توانائی، زراعت، صحت، دواسازی، دفاع، اور عوام سے عوام کے تبادلے میں تعاون بڑھانے پر توجہ مرکوز کریں گے۔ دونوں ممالک متعدد معاہدوں پر دستخط بھی کریں گے۔
صدر دروپدی مرمو بوتسوانا کی قومی اسمبلی سے بھی خطاب کریں گی۔ وہ ثقافتی اور تاریخی مقامات کا دورہ کریں گی۔ بوتسوانا نے پروجیکٹ چیتا اور چیتوں کی بوتسوانا سے ہندوستان میں ممکنہ منتقلی پر ہندوستان کے ساتھ تعاون کرنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد