
باندوگڑھ ٹائیگر ریزرو کے بفر زون سے متصل گاوں میں شیروں کی دہشت
امریا، 12 نومبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے ضلع امریا میں واقع عالمی شہرت یافتہ باندھوگڑھ ٹائیگر ریزرو کے پنپتھا بفر زون سے ملحق گاوں چنسورا میں ایک شیر نے دو مویشیوں کا شکار کر کے وہیں اپنا ٹھکانا بنا لیا ہے۔ اس کے باعث گاوں والوں کے لیے اکیلے گھروں سے باہر نکلنا مشکل ہو گیا ہے، کیونکہ گاوں کے رہائشی وشنو ساہو اور سُریش ساہو کے گھروں سے محض 5 سے 10 میٹر کے فاصلے پر وہ شیر مسلسل گھوم رہا ہے۔
گاوں کے اندر ہی اُسے پالتو مویشیوں کا شکار آسانی سے مل رہا ہے، اسی لیے وہ گاوں چھوڑنے کو تیار نہیں۔ ان دنوں گاوں والے دھان اور کودو کی کٹائی کے ساتھ ساتھ گندم کی بوائی میں مصروف ہیں۔ دن میں مرد کھیتوں میں کام کرتے ہیں اور عورتیں کھانا لے کر کھیتوں تک پہنچتی ہیں۔ ایسے میں شیر کی دہشت نے پورے گاوں کو خوف کے سائے میں جینے پر مجبور کر دیا ہے۔ اگرچہ گاوں والے باہمی طور پر متحد ہو کر شیر کو بھگانے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن شیئر ہے کہ اُنہی پر حملہ کرکے دہشت پھیلا رہا ہے۔
جب یہ خبر پارک انتظامیہ تک پہنچی تو انتظامیہ نے ہاتھیوں کو نگرانی کے لیے بھیج دیا تاکہ شیر کو جنگل کی جانب ہانکا جا سکے۔ لیکن صورتحال یہ ہے کہ بدھ کی صبح 7 بجے سے ہی گاوں میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ لوگ اپنے گھروں کی چھتوں پر چڑھ کر شیر کو دیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ وہ شیر دھاڑتے ہوئے گاوں کی طرف دوڑنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ایسے میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے پیش آنے کا اندیشہ ہے اور گاوں والوں کو خصوصی سیکورٹی کی ضرورت ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن