
جموں, 12 نومبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر میں داخلی سلامتی کو مزید مضبوط بنانے اور دہشت گردی کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے سلسلے میں پولیس نے ضلع جیل بھدرواہ میں اچانک تلاشی مہم چلائی۔ یہ کارروائی ایڈیشنل ایس پی بھدرواہ کی نگرانی میں جموں و کشمیر پولیس نے جیل حکام کے اشتراک سے انجام دی۔
اس دوران پولیس، سی اے پی ایف اہلکاروں اور جیل عملے نے تمام بیرکوں، قیدیوں کے سامان اور جیل کے اطراف کے علاقوں کی باریک بینی سے تلاشی لی تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا ممنوعہ مواد کا پتہ لگایا جا سکے۔ بتایا گیا ہے کہ اس جیل میں کئی ایسے قیدی موجود ہیں جو دہشت گردی اور دیگر سنگین مقدمات میں ملوث ہیں۔
جیل کی مکمل سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے جیل کے اردگرد کے علاقوں میں بھی ایریا ڈومینیشن کی مشق کی گئی تاکہ کسی بیرونی خطرے یا ممکنہ روابط کو ختم کیا جا سکے۔قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر بھر میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف مہم تیز کر دی ہے، جس کے تحت اوور گراؤنڈ ورکرز اور سرحد پار سے سرگرم گروہوں سے وابستہ افراد کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ضلع پولیس ڈوڈہ نے کہا کہ وہ داخلی سلامتی، قانون کی بالادستی اور دہشت گردی کے ہر ممکن سہولت کار نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر