
نئی دہلی، 12 نومبر (ہ س)۔ دہلی ہائی کورٹ نے’آئی لو محمدﷺ‘ کے پوسٹر سے متعلق اتر پردیش اور اتراکھنڈ میں درج مقدمات کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی مانگ کرنے والی درخواست کو خارج کر دیا ہے۔ چیف جسٹس ڈی کے اپادھیائے کی سربراہی والی بنچ نے سوال کیا کہ دہلی ہائی کورٹ دوسری ریاستوں میں درج ایف آئی آر کے بارے میں رہنما خطوط کیسے جاری کر سکتی ہے۔ عدالت نے کہا کہ جن کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہیں وہ قانونی چارہ جوئی کر سکتے ہیں۔
یہ درخواست رضا اکیڈمی کے نمائندے اور مسلم اسٹوڈنٹ آرگنائزیشن آف انڈیا کے قومی صدر شجاعت علی نے دائر کی تھی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ پرامن مذہبی اظہار کے لیے اتر پردیش اور اتراکھنڈ میں جھوٹی ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔’آئی لو محمدﷺ‘ کے پوسٹرز لگانے والے محض مذہبی تہوار پر اپنے عقیدے کا اظہار کر رہے تھے، لیکن بغیر کسی آزاد ثبوت کے، پوسٹرز لگانے والوں کے خلاف فساد بھڑکانے، مجرمانہ سازش اور امن کو خراب کرنے کے الزامات درج کیے گئے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اتر پردیش کے کانپور اور بہرائچ اور اتراکھنڈ کے ادھم سنگھ نگر میں ’آئی لو محمدﷺ‘ کے پوسٹر رکھنے والوں کے خلاف درج ایف آئی آر مساوات، مذہبی آزادی اور اظہار رائے کی آزادی کی خلاف ورزی کرتی ہیں۔ ایسا کرنے سے آئین کے آرٹیکل 14، 15، 19، 21 اور 25 کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ یہ ایف آئی آر میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ”آئی لو محمد“ کے پوسٹرز والی ریلی کے بعد درج کی گئی تھی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan