
پٹنہ، 12 نومبر (ہ س)۔ بہار اسمبلی انتخاب 2025 کے دو مراحل میں ووٹنگ منگل کی شام پُرامن طور پر مکمل ہو گئی۔ انتخابی نتائج آنے سے پہلے ہی مہاگٹھ بندھن اور نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے رہنما اپنی جیت کے دعوے کر رہے ہیں۔ اسی دوران وزیراعلیٰ نتیش کمار بدھ کے روز پٹنہ کے مشہور مہاویر مندر، پٹنہ ہائی کورٹ کے قریب واقع مزار اور پٹنہ سٹی میں واقع پٹنہ صاحب تخت شری ہرمندر جی گردوارے بھی پہنچے، جہاں درشن کے بعد انہوں نے ریاست میں امن و سکون کی تمنا کی۔
منگل کی شام ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد اب ایگزٹ پول کے نتائج سامنے آئے ہیں۔ ایگزٹ پول کے مطابق، اس بار بہار میں این ڈی اے کی حکومت بنتی دکھائی دے رہی ہے۔ ایسے میں 14 نومبر کو نتائج آنے والے ہیں۔ اس سے پہلے وزیراعلیٰ نتیش مہاویر مندر، ہائی کورٹ مزار اور پٹنہ صاحب تخت شری ہرمندر جی گردوارے پہنچے۔ اس طرح انہوں نے ایک بڑا پیغام دینے کی کوشش کی ہے۔ گرو کے دربار میں وزیراعلیٰ نے متھا ٹیکا اور گرو گووند سنگھ جی مہاراج سے ریاست کی امن، خوشحالی اور ترقی کی تمنا کی۔
اس دوران پٹنہ صاحب گردوارے کے گرنتھی نے وزیراعلیٰ نتیش کمار کو سیروپا (اعزازی لباس) پیش کر کے آشیرواد دیا۔ گردوارہ انتظامیہ کمیٹی کے صدر سردار جگجوت سنگھ سوہی نے وزیراعلیٰ کا پُرجوش استقبال کیا اور انہیں گرو کے گھر آنے پر شکریہ ادا کیا۔ جب صحافیوں نے وزیراعلیٰ سے ایگزٹ پول کے بارے میں سوال پوچھا، تو وہ مسکراتے ہوئے بغیر کوئی جواب دیے اپنی گاڑی میں بیٹھ کر روانہ ہو گئے۔ ان کی یہ مسکراہٹ سیاسی حلقوں میں اس علامت کے طور پر دیکھی جا رہی ہے کہ نتیش کمار ایک بار پھر اقتدار میں واپسی کو لے کر پُراعتماد ہیں۔
بہار میں کس کی حکومت بنے گی، یہ اس وقت کا سب سے بڑا سوال بن گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار کی قیادت والی این ڈی اے اور تیجسوی یادو کی قیادت والی مہاگٹھ بندھن آمنے سامنے ہیں۔ بہار اسمبلی انتخابات دو مراحل میں مکمل ہو چکے ہیں۔ پہلے مرحلے میں 121 نشستوں پر اور دوسرے مرحلے میں 122 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی تھی۔ پہلے مرحلے میں ریکارڈ توڑ 65 فیصد ووٹنگ درج کی گئی تھی، جس میں خواتین کی شراکت مردوں سے زیادہ رہی۔ وہیں دوسرے مرحلے کی ووٹنگ منگل کو ہوئی، جس میں 70 فیصد سے زیادہ ووٹ ڈالے گئے۔ اب سب کی نظریں 14 نومبر پر جمی ہیں، جب انتخابات کے نتائج کا اعلان ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن