
سلطان پور، یکم نومبر (ہ س)۔ اترپردیش کے سلطان پور ضلع میں ایل آئی سی کے دفتر کو لوٹنے کے الزام میں ایک ہسٹری شیٹر نے فیصلہ سنائے جانے سے عین قبل ہفتہ کو خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔ الزامات طے ہونے کے بعد عدالت 5 نومبر کو اپنا فیصلہ سنانے والی تھی۔ بلدیرائی سرکل آفیسر آشوتوش کمار نے بتایا کہ ہسٹر شیٹر درگیش سنگھ عرف مونو (38) جو کہ کورے بھار تھانہ علاقہ کے گلیبہا گاو¿ں کا رہنے والا تھا، نے اپنے کمرے میں غیر قانونی ہتھیار سے خود کو سینے میں گولی مار لی۔ اطلاع پر پہنچی پولیس نے دروازہ توڑ کر لاش کو باہر نکالا اور پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ تلاشی کے دوران پولیس نے مسخ شدہ لاش کے قریب سے ایک پستول برآمد کر لیا۔
سی او نے بتایا کہ درگیش سنگھ کورے بھار پولیس اسٹیشن میں ہسٹری شیٹر تھا۔ اسے سینے میں گولی لگی تھی۔ غور طلب ہے کہ کادی پور میں ایل آئی سی برانچ میں یکم ستمبر 2008 کو دن دیہاڑے ڈکیتی ہوئی تھی۔ مسلح مجرموں نے برانچ کے گیٹ پر کھڑے سیکورٹی گارڈ ستیہ پرکاش تیواری کے کنپٹی پر ریوالور لگا کر اس کی بندوق چھین لی، اور برانچ میں داخل ہوئے۔ مجرم برانچ سے کل 13,15,000 روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔اس وقت کے برانچ منیجر ایشور دیو سنگھ نے اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کرائی تھی۔ عدالت میں سماعت جاری تھی۔ اس معاملے میں درگیش ملزم تھا۔ وہ بیرون ملک مقیم تھا۔ 29 اکتوبر کو الزامات طے کیے جانے کے بعد، عدالت 5 نومبر کو اپنا فیصلہ سنانے والی تھی۔ درگیش اس کیس کے سلسلے میں گھر آیا تھا۔ بڑے پیمانے پر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ اس نے سزا کے خوف سے خودکشی کی۔ فی الحال لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan