


بھوپال، یکم نومبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش میں ہفتہ کو سترہواں یومِ تاسیس شاندار اور تاریخی انداز میں شروع ہو گیا۔ دارالحکومت بھوپال کے لال پریڈ گراونڈ سے شروع ہونے والے ’’ابھیودیہ مدھیہ پردیش‘‘ ریاستی جشن نے پورے صوبے کو فخر اور مسرت سے لبریز کر دیا ہے۔ ہفتہ سے لگاتار تین دن تک مدھیہ پردیش اپنی وراثت کو خراج تحسین پیش کرے گا اور 2047 کے ترقی یافتہ، ڈیجیٹل اور خود انحصار ’’نئے مدھیہ پردیش‘‘ کے تصور پر گفتگو ہوگی۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے سترھویں مدھیہ پردیش یومِ تاسیس کے موقع پر ’’ابھیودیہ مدھیہ پردیش‘‘ کے تحت صوبے کی شاندار وراثت، ثقافتی عظمت اور مستقبل کی امکانات پر مبنی مختلف نمائشوں کا افتتاح بھوپال کے لال پریڈ گراونڈ میں کیا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر برائے شہری ہوا بازی کنجراپو رام موہن نائیڈو اور مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے قانون و انصاف ارجن رام میگھوال کی باوقار موجودگی رہی۔ اس کے بعد وزیراعلیٰ نے رویندر بھون میں ’’ویژن ڈاکیومنٹ 2047‘‘ کا اجرا کیا اور ’’ای سوا شہری ایپ‘‘ کا افتتاح کر کے ڈیجیٹل مدھیہ پردیش کی سمت ایک اہم قدم بڑھایا۔
ریاستی جشن ’’ابھیودیہ مدھیہ پردیش‘‘ اس بار مکمل طور پر نئے رنگ و روپ میں نظر آ رہا ہے۔ یکم سے 3 نومبر تک جاری رہنے والے اس جشن میں فن، ثقافت، سائنس اور ٹیکنالوجی کا حسین امتزاج دیکھنے کو ملے گا۔ لال پریڈ گراونڈ، رویندر بھون اور بھوپال کے دیگر ثقافتی مقامات روشنی، موسیقی اور رنگوں سے جگمگا اٹھے ہیں۔ آج شام مرکزی پروگرام کا آغاز وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو کی صدارت میں ہوگا۔ مرکزی وزراء نائیڈو اور میگھوال بطورِ مہمانِ خصوصی شریک ہوں گے۔ افتتاحی اجلاس میں ’’وشو وند شری کرشن کی سانگیتک یاترا‘‘ جس میں 500 فنکار موسیقی، رقص اور تھیٹر کے ذریعے بھگوان شری کرشن کی لیلاؤں کو پیش کریں گے، جو اس تقریب کا مرکزی کشش ہوگا۔
اس کے بعد محکمۂ سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے ’’وراثت سے ترقی تک‘‘ کے عنوان پر دو ہزار ڈرونز کے ذریعے ملک کا سب سے بڑا ڈرون شو پیش کیا جائے گا۔ اس شو میں مدھیہ پردیش کی تاریخی وراثت سے لے کر جدید کامیابیوں تک کی جھلک آسمان پر بکھرتی دکھائی دے گی۔ رات کے وقت مشہور گلوکار جوبن نوٹیال اپنے مقبول نغموں جیسے ’’راتاں لمبیاں‘‘، ’’ہمنواں میرے‘‘ اور ’’تاروں کے شہر‘‘ سے سامعین کو جھومنے پر مجبور کر دیں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن