
نئی دہلی، یکم نومبر (ہ س)۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز شریس ائیر کواسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی (بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا) نے ہفتے کے روز ایک باضابطہ بیان میں کہا کہ ائیر سڈنی میں طبی نگرانی میں اپنی صحت یابی جاری رکھیں گے اور مکمل طور پر فٹ ہونے کے بعد ہی ہندوستان واپس آئیں گے۔
شریس ایئر کو25 اکتوبر 2025 کو آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ون ڈے کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے پیٹ میں شدید چوٹ آئی۔ طبی جانچ سے معلوم ہوا کہ ان کی اسپلین (تِلّی) میں کٹ لگنے سے اندرونی خون بہا تھا۔ ڈاکٹروں نے فوری علاج کرتے ہوئے خون بہنے پر قابو پالیا اور معمولی طریقہ کار کے بعد ان کی حالت مستحکم ہو گئی۔
بی سی سی آئی کے میڈیکل چیف ڈاکٹر ابھیجیت سیکیا نے ایک بیان میں کہا،”شریس ائیر اب مستحکم ہیں اور صحت یاب ہو رہے ہیں۔ سڈنی اور ہندوستان میں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم ان کی صحت یابی سے مطمئن ہے۔“
بورڈ نے سڈنی سے ڈاکٹر کوروش ہگھیگی اور ان کی ٹیم کے ساتھ ساتھ ممبئی کے ڈاکٹر دنشا پاردی والا کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ائیر کا بہترین علاج کیا۔
آسٹریلیا کے دورے کے دوران، ائیر نے دو ون ڈے میچوں میں 72 رن بنائے، جس میں ایڈیلیڈ ون ڈے میں 61 رن بھی شامل تھے۔ اس اننگز میں انہوں نے کپتان روہت شرما کے ساتھ سنچری شراکت داری کی۔ اس سال، ائیر نے 11 میچوں میں 49.60 کی اوسط اور 89.53 کے اسٹرائک ریٹ سے 496 رن بنائے ہیں۔ انہوں نے پانچ نصف سنچریاں اسکور کیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور 79 ہے ۔ انہوں نے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 243 رن بنائے اور ہندوستان کے سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی رہے ۔
اب، ان کی چوٹ نے جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم ون ڈے سیریز (30 نومبر سے شروع ہونے والی) میں ان کی شرکت پر شکوک پیدا کر دیے ہیں۔ شائقین امید کر رہے کہ اس قابل بھروسہ ہندوستانی بلے باز کی میدان میں جلد واپسی ہو ۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد