
بنگال میں ہفتے کے آخر تک بارش جاری رہے گی
کولکاتا، یکم نومبر (ہ س)۔ طوفان ’’مونتھا‘‘ کا اثر ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوا ہے۔ اس گردابی نظام کی وجہ سے بنگال کی ہوا میں بھاری مقدار میں نمی داخل ہو چکی ہے، جس کے سبب ریاست کے بیشتر اضلاع میں بارش کا سلسلہ ہفتہ اور اتوار کو بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔ شمالی بنگال کے لیے دارجلنگ، کلمپونگ، جلپائی گوڑی، علی پور دوار اور کوچ بہار میں شدید بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ہفتہ صبح جاری اپنے بیان میں بتایا کہ شمالی دیناج پور اور مالدا میں بھی دوپہر تک بارش جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے بعد آہستہ آہستہ موسم میں بہتری کے آثار ہیں۔
جنوبی بنگال میں بھی کولکاتا سمیت تمام اضلاع میں بادل چھائے رہیں گے اور کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔ بیربھوم اور مرشدآباد میں دوپہر تک کچھ مقامات پر زیادہ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دارالحکومت کولکاتا میں دن کے ابتدائی حصے تک آسمان بادلوں سے ڈھکا رہے گا اور ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ اتوار سے یہاں موسم میں بہتری اور جزوی دھوپ نکلنے کے امکانات ہیں۔
نمی کی زیادہ موجودگی کی وجہ سے سردی کا ابھی تک کوئی احساس نہیں ہوا ہے۔ نومبر کے آغاز میں بھی درجہ حرارت میں خاص اتار چڑھاو نہیں دیکھا جا رہا۔ حالانکہ موسمیات کے ماہرین کا اندازہ ہے کہ منگل سے ہوا میں نمی کم ہونا شروع ہو جائے گی۔ اس کے سبب رات کے درجہ حرارت میں کمی دیکھی جا سکتی ہے اور کئی اضلاع میں صبح ہلکی دھند بھی چھا سکتی ہے۔ شمالی بنگال کے پہاڑی علاقوں میں بدھ سے سردی کا اثر محسوس ہونا شروع ہونے کا امکان ہے، جہاں رات کا درجہ حرارت بارہ سے 14 ڈگری سیلسیس کے قریب پہنچ سکتا ہے۔
اتوار سے پوری ریاست میں موسم معمول کے مطابق ہونے اور بارش میں کمی آنے کی توقع ہے، جس سے لوگوں کو سردی محسوس ہوسکتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن